محکمہ پولیس سے ریٹائرڈ ہونے والے ڈی ایس پی ملک رفاقت کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد

جمعہ 30 مئی 2025 17:15

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا نے محکمہ پولیس سے ریٹائرڈ ہونے والے ڈی ایس پی ایس ڈی پی او وارث خان سرکل ملک رفاقت کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا، پنجاب پولیس کے سینئر اور فرض شناس افسر ملک رفاقت محکمہ پولیس میں 38سال خدمات سرانجام دینے کے بعد سروس کی معیاد مکمل ہونے پر آج محکمہ پولیس سے باعزت ریٹائر ہو گئے۔

تقریب میں اے ڈی آئی جی ملک نعیم اختر و دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔ آر پی او راولپنڈی نے ملک رفاقت کی پیشہ ورانہ خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک رفاقت جیسے دیانتدار اور بہادر افسران محکمہ پولیس کا سرمایہ اور نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں، ان کی شاندار خدمات محکمہ پولیس کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ڈی ایس پی ملک رفاقت نے 09 ستمبر 1987 کو بطور اے ایس آئی محکمہ پولیس میں شمولیت اختیار کی۔

دورانِ سروس انہوں نے پنجاب پولیس کے مختلف اہم شعبہ جات بشمول سپیشل برانچ،سی آئی ڈی (موجودہ سی ٹی ڈی)اورانٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ میں بھی اپنی خدمات سرانجام دیں۔ سی آئی ڈی میں تعیناتی کے دوران انہوں نے دہشت گرد عناصر کے خلاف جرات مندانہ اورموثر کارروائیاں کیں، انکی نمایاں کارکردگی کے صلے میں انہیں صدرِ پاکستان کی جانب سے پریذیڈنٹ پولیس میڈل (پی پی ایم)سے بھی نوازا گیا اور پنجاب حکومت کی جانب سے 5 لاکھ روپے نقد انعام بھی دیا گیا۔

تقریب کے دوران ریٹائرڈ ہونے والے ڈی ایس پی کو اعزازی شیلڈ پیش کی گئی اور ان کی پیشہ وارانہ خدمات کو سراہا گیا،اس موقع پر ملک رفاقت نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ مجھے ملک و قوم کی خدمت کا موقع ملا۔ یہ سفر میرے لیے ایک اعزاز رہا۔ میں اپنی ٹیم، افسرانِ بالا اور ساتھیوں کا تہہ دل سے مشکور ہوں جن کے تعاون کے بغیر یہ ممکن نہ تھا۔انہوں نے نوجوان افسران کو ایمانداری، فرض شناسی اور عوامی خدمت کو اپنا شعار بنانے کی تلقین کی۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے ڈی ایس پی ملک رفاقت کو نیک تمناؤں اور پرخلوص دعاؤں کے ساتھ رخصت کیا۔