صوبائی وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے کا نواں کلی میں بلیک ٹاپ روڈ کاافتتاح کر دیا

جمعہ 30 مئی 2025 19:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء وصوبائی وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے کا نواں کلی میں بلیک ٹاپ روڈ کاافتتاح کر دیا۔ صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہاہے کہ مواصلات کا بہترین نظام کسی بھی علاقے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتاہے ،بہترین انفراسٹرکچر سفری سہولت کے ساتھ کاروبار کے مواقع میں اضافہ کا باعث بنتاہے ،نواں کلی میں بلیک ٹاپ روڈ کی تعمیر سے ٹریفک کے مسائل میں کمی اور عوام کو ایک بہترین سڑک کی سہولت میسر ہوگی ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے کشمیر کالونی میں بلیک ٹاپ روڈ منصوبے کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء سید اقبال شاہ ،قاسد خان کاکڑ، مصویر خان ،عیسیٰ خان ودیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

بخت محمد کاکڑ نے کہاکہ علاقے کی تعمیر وترقی اولین ترجیحات میں شامل ہیں ،عوام سے الیکشن میں کئے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ یہ حقیقت ہے کہ کسی بھی علاقے کی تعمیر وترقی میں بہترین انفراسٹرکچر کااہم کردار ہے ،بلوچستان کی تعمیر وترقی کیلئے وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفرازبگٹی کی قیادت میں تعمیرات ومواصلات کے بہترین انفراسٹرکچر پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے کیونکہ مواصلات کانظام ہی ترقی کا ضامن ہے ۔