Live Updates

جماعتِ اسلامی کے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کو گرفتار کر لیا گیا

اسلام آباد پولیس نے پریس کلب کے باہر احتجاج کرنے والے انسانی حقوق کی سرگرم کارکن طاہرہ عبداللّٰہ اور ثمینہ عمر کو بھی گرفتار کر لیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 30 مئی 2025 20:38

جماعتِ اسلامی کے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کو گرفتار کر لیا گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 مئی2025ء) جماعتِ اسلامی کے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کو گرفتار کر لیا گیا، اسلام آباد پولیس نے پریس کلب کے باہر احتجاج کرنے والے انسانی حقوق کی سرگرم کارکن طاہرہ عبداللّٰہ اور ثمینہ عمر کو بھی گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق جماعتِ اسلامی کے سابق سینیٹر اور انسانی حقوق کیلئے آواز بلند کرنے والے مشتاق احمد خان کو ایک مرتبہ پھر اسلام آباد میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق سینیٹر مشتاق احمد خان اسلام آباد میں غزہ کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے احتجاج میں شریک تھے، جب اسلام آباد پولیس کی جانب سے ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی، پولیس نے انسانی حقوق کی کارکنان طاہرہ عبداللّٰہ اور ثمینہ خان کو بھی گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان کی جانب سے ردعمل دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انسانی حقوق کی سرگرم کارکن طاہرہ عبداللّٰہ اور ثمینہ عمر کو حراست میں لے لیا گیا ہے، طاہرہ عبداللّٰہ اور ثمینہ عمر کو نیشنل پریس کلب کے باہر حراست میں لیا گیا، غزہ کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مظاہرے سے پہلے انہیں حراست میں لیا گیا۔

ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان کے مطابق دونوں خواتین اس وقت کسی بھی عوامی اجتماع کا حصہ نہیں تھیں، دونوں خواتین نے دفعہ 144 کی کوئی بھی خلاف ورزی نہیں کی تھی، تاہم پھر بھی انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ جبکہ طاہرہ عبداللّٰہ اور ثمینہ عمر کو قانونی ٹیم تک رسائی بھی نہیں دی جا رہی۔ ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان نے طاہرہ عبداللّٰہ اور ثمینہ عمر کو فوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

جبکہ یہاں واضح رہے کہ 2 روز قبل سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کی اہلیہ، بیٹی اور بیٹے کو بھی گرفتار کر لیا گیا تھا۔ اس حوالے سے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم کی جانب سے ردعمل دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے خلاف احتجاج کرنے پر سینیٹر مشتاق احمد خان اور ان کے اہل خانہ کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ حکومت واشنگٹن کے خوف میں مبتلا ہو کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔

حکومت ہوش کے ناخن لے اور امت کے جذبات کی ترجمانی کرے۔ جماعت اسلامی کے کارکنان کو ریاستی جبر کے ذریعے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرنے سے نہیں روکا جا سکتا۔ سینیٹر مشتاق، ان کے اہل خانہ اور کارکنان کو فی الفور رہا کیا جائے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات