Live Updates

ض*بلوچستان کی واحد صنعت کے وجود کو خطرات سے دوچار کردیا گیا ہے ،ایکشن کمیٹی

جمعہ 30 مئی 2025 22:30

, کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مئی2025ء) ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کا حکومت کی جانب سے اشتہارات کو BPPRA پر منتقل کرنے کی کوششوںاور اخباری صنعت کو درپیش دیگر مسائل کے حوالے سے علامتی احتجاجی کیمپ جاری رہا ۔ علامتی احتجاجی کیمپ میں اخبارات ،جرائد اور اخبار مارکیٹ کے نمائندگان موجود تھے ۔ علامتی احتجاجی کیمپ کے شرکاء کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دیگر صوبوں کی طرح میڈیا کو وہ مواقع میسر نہیں جو ہونا چاہئے تھے جسکی وجہ سے انحصار صرف حکومت کی جانب سے جاری کردہ اشتہارات پر ہی ہوتا ہے ایسے حالات میں اگر حکومت زمینی حقائق کو یکسر نظرانداز کرتے ہوئے اشتہارات کو BPPRA پر منتقل کردے گی تو صنعت کے تمام شعبہ جات براہ راست متاثر ہونگے جس سے بیروزگاری سمیت دیگر مسائل جنم لے سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

شرکاء نے موقف اختیار کیا کہ نہایت افسوس کا مقام ہے کہ بلوچستان کی واحد صنعت کے وجود کو خطرات سے دوچار کردیا گیا ہے ،صوبے کا حقیقی پرنٹ میڈیا پہلے ہی عدم توجہی کے سبب وینٹی لیٹر پر تھالیکن تمام مشکلات کے باوجود اخباری صنعت روزگار کی فراہمی سمیت نوجوانوں کی مثبت ذہن سازی اور حکومت کا مثبت چہرہ عوام کو پیش کرنے میں اپنا کردار ادا کررہا ہے ۔

علامتی احتجاجی کیمپ کے شرکاء کا مزید کہنا تھا کہ مسائل کے حل میں تاخیر کی ایک وجہ صوبائی وزیر اطلاعات کا نہ ہونا بھی شامل ہے انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے اپیل کی کہ جلد از جلد صوبائی وزیراطلاعات کا تقرر کیا جائے تاکہ مسائل گھمبیر نہ ہوں اور مسائل کا جلد حل ممکن ہوسکے۔ احتجاجی کیمپ کے شرکاء نے عزم دہراتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے حقیقی پرنٹ میڈیا کی جنگ لڑرہے ہیں اور اس سے کسی صورت دستبردار نہیں ہونگے ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات