Live Updates

آئی ایم ایف کا بٹ کوائن مائننگ اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس شعبے کو بجلی فراہم کرنے کے فیصلے پر اظہار تشویش

عالمی مالیاتی فنڈ نے بٹ کوائن مائننگ اوراے آئی کو بجلی فراہم کرنے کے معاملے پراعتماد میں نہ لینے اور بجلی ٹیرف پر حکومت سے وضاحت طلب کرلی، قرض پروگرام میں رہتے ہوئے تمام اقدامات مشاورت سے کئے جائیں

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 31 مئی 2025 13:45

آئی ایم ایف کا بٹ کوائن مائننگ اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس شعبے کو بجلی ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31 مئی 2025)عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا بٹ کوائن مائننگ اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس شعبے کو بجلی فراہم کرنے کے حکومت پاکستان کے فیصلے پر اظہار تشویش، آئی ایم ایف نے بٹ کوائن مائننگ اوراے آئی کو بجلی فراہم کرنے کے معاملے پراعتماد میں نہ لینے اور بجلی ٹیرف پر حکومت سے وضاحت طلب کرلی،آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا ہے کہ قرض پروگرام میں رہتے ہوئے تمام اقدامات مشاورت سے کئے جائیں، حکومت کی معاشی ٹیم کوبجٹ پر مذاکرات کے دوران آئی ایم ایف کے سخت سوالات کاسامنا ہے جب کہ بجلی فراہمی کے اقدام پر آئی ایم ایف کی جانب سے مزید سخت بات چیت کا خدشہ ہے۔

ذرائع نے کہا کہ بِٹ کوائن مائننگ اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کیلئے بجلی ٹیرف پر بھی وضاحت طلب کی ہے۔

(جاری ہے)

آئی ایم ایف وفد سے بٹ کوائن مائننگ کو بجلی فراہم کرنے پر ورچوئلی بات چیت ہو گی۔عالمی مالیاتی(آئی ایم ایف)نے کرپٹو کرنسی کا اسٹیٹس تاحال لیگل نہ ہونے پربجلی مختص کرنے پر وضاحت مانگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف نے تمام معاملات پر ورچوئل مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت نے ملک میں بٹ کوائن مائننگ کے لیے بجلی رعایتی نرخوں پر فراہم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بٹ کوائن مائننگ کیلئے رعایتی نرخ 24 روپے فی یونٹ تک ہوں گے۔ذرائع کے مطابق اس اقدام سے حکومت کو دو مقاصد پورے ہوں گے، اضافی بجلی کی فروخت سے کیپسٹی پیمنٹ میں کمی ہوگی۔ بٹ کوائن مائننگ کی مارکیٹ بڑھنے سے پاکستان کے پاس موجود بجلی کی کھپت بھی ہوگی اور ڈیجیٹل جدت آئے گی۔

ذرائع کے مطابق پاور ڈویڑن کے پاس سات ہزار میگاواٹ تک بجلی سرپلس ہے جس میں سے حکومتی اعلان کے مطابق دو ہزار میگاواٹ بٹ کوائن مائننگ کیلئے مختص کی جائے گی۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پہلے بھی اس پر کام کررہی تھی کہ اضافی بجلی کو رعایتی نرخوں پر دیا جائے، ونٹر پیکج کے وقت رعایتی نرخ 27 روپے تک فی یونٹ تھا۔آئی پی پیز کے ساتھ بات چیت کے بعد نرخوں پر اثر پڑا ہے اور رعایتی نرخ اب کم ہو کر 24 روپے تک آ گئے تھے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات