قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان کی صوبہ بلوچستان کے ضلع سوراب میں فتنتہ الہندوستان کے دہشت گرد عناصر کی کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت

ہفتہ 31 مئی 2025 17:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے صوبہ بلوچستان کے ضلع سوراب میں فتنتہ الہندوستان کے دہشت گرد عناصر کی سرکاری افسران کے گھروں پر حملے، انہیں آگ لگانے اور بازار میں بینک لوٹنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ یہاں جاری بیان کے مطابق قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے علاقے کا دفاع کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت اللہ بلیدی کی جرات، دلیری اور فرض شناسی کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر ثابت کیا کہ مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہمارے سپوت کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم شہید ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت اللہ بلیدی کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

(جاری ہے)

قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ دہشت گردی کی یہ بزدلانہ اور مذموم کارروائیاں ملک میں امن و امان کی صورتحال کو سبوتاژ نہیں کر سکتیں۔انہوں نے کہا کہ فتنتہ الہندوستان جیسے عناصر کا کسی قومیت اور انسانیت سے تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام، تمام ادارے اور سکیورٹی فورسز دشمن کے خلاف ایک صف میں کھڑے ہیں اور وطنِ عزیز سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جدوجہد بھرپور عزم کے ساتھ جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قوم ایسے بزدلانہ حملوں سے مرعوب نہیں ہو گی اور دشمن کو اس کے ناپاک ارادوں میں ہر محاذ پر شکست دی جائے گی۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے شہید ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت اللہ بلیدی کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے شہید کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔