پاکستانی عازمین کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی، سعودی وزیرِحج کی یقین دہانی

پاکستانی عازمین حج کی سہولیات کیلئے سعودی وزیر حج کی خصوصی توجہ باعث مسرت ہے، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی سعودی وزیر سے ملاقات میں اظہار تشکر

Sajid Ali ساجد علی اتوار 1 جون 2025 15:00

پاکستانی عازمین کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی، سعودی وزیرِحج ..
اسلام آباد/مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 جون 2025ء ) وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ پاکستانی عازمین حج کی سہولیات کیلئے سعودی وزیر حج کی خصوصی توجہ باعث مسرت ہے، سعودی حکومت ہر سال حج انتظامات میں جدت اور نئی سہولیات متعارف کرا رہی ہے، پاکستانی عازمین حج کو کھانے ، ٹرانسپورٹ اور رہائش کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ سے ملاقات کے دوران کیا، اس موقع پر حج 2025ء کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا، سردار محمد یوسف نے پاکستانی عازمین حج کیلئے بہترین سہولیات پر سعودی وزیر حج سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عازمین حج کی سہولت کیلئے سعودی وزیر حج کی خصوصی توجہ باعث مسرت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عازمین حج کی سہولت کیلئے سعودی حکومت ہر سال حج انتظامات میں جدت اور نئی سہولیات متعارف کروا رہی ہے، پاکستانی عازمین حج کو کھانے، ٹرانسپورٹ اور رہائش کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، رواں سال مشاعر مقدسہ میں پاکستانی حجاج کو نزدیک ترین مکاتب فراہم کیے گئے ہیں، آئندہ حج کیلئے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کا دائرہ کار پاکستان کے دیگر شہروں تک بڑھایا جائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے کہا کہ وزارت حج زائرین کو ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے سہولتوں کی فراہمی بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہے، منیٰ اور عرفات میں پاکستانی عازمین حج کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی، مشاعر مقدسہ میں بہتر سہولیات کو یقینی بنانے کیلئے نجی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں، پاکستان سے حجاج کی بڑی تعداد آتی ہے ان کی خدمت کرنا ہمارے لئے باعث شرف ہے۔