Live Updates

سمبڑیال پی پی 52 میں پولنگ ختم ، ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع

اتوار 1 جون 2025 18:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2025ء) پی پی 52 سیالکوٹ IX، سمبڑیال میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ شام 5 بجے ختم ہو گئی جبکہ تمام پولنگ سٹیشنز پر ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔ ووٹنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری ارشد جاوید وڑائچ کے انتقال کے بعد خالی ہونے والی اس نشست کے لیے 14امیدوار میدان میں ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان مسلم لیگ (ن)سے حنا ارشد جو کہ مرحوم چوہدری ارشد جاوید وڑائچ کی بیٹی بھی ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز (پی پی پی پی)سے راحیل کامران چیمہ، تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی)سے محمد شفاقت، پاکستان نظریاتی پارٹی سے حسن توقیر چیمہ اور دیگر آزاد امیدوار اس مقابلے میں حصہ لے رہے ہیں۔حلقے میں پولنگ اسٹیشنز کی کل تعداد 185 تھی جن میں 11 انتہائی حساس، 38 حساس اور 136 نارمل پولنگ اسٹیشنز شامل تھے۔ 1696 پولنگ اہلکاروں نے اپنے فرائض سرانجام دیے جبکہ مذکورہ حلقے میں رجسٹرڈ مرد و خواتین ووٹرز کی کل تعداد 2,97,185 ہے جن میں 1,57,725 مرد ووٹرز اور 1,39,460 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات