18سال سے کم عمر کے نکاح پر پابندی کا بل شریعت سے متصادم ہے ،علماء اھلسنّت

خلافِ شرعیت قانون سازی اور دینی اقدار کے تحفظ کیلئے بنیان مرصوص ثابت ہوں گے ، شاہ عبد الحق

اتوار 1 جون 2025 18:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2025ء)جما عت اھلسنّت پاکستان کراچی کے امیر علامہ سید شاہ عبد الحق قادری ، مولانا ابرار احمد رحمانی،علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی،علامہ پیر سید عبد القادر شاہ شیرازی،ڈاکٹر سید محمد اشرف الجیلانی اشرفی،سید رفیق شاہ،مفتی عبد الحق شاہ سیفی،شیخ الحدیث مفتی یونس شاکر القادری،مفتی سید راشد علی رضوی،علامہ شوکت حسین سیالوی،مفتی بلال قادری،شیخ الحدیث علامہ لائق سعیدی،علامہ کامران رضوی،علامہ محمد اسحاق خلیلی ،علامہ محمد میاں نوری نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ عجلت میں شریعت سے متصادم قانون منظور کرنا تشویشناک ہے ۔

18سال سے کم عمر بچوں کے نکاح پر پابندی کا بل شریعت سے متصادم ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس قانون کا مقصد نکاح کے پاکیزہ رشتے کو مشکل بنانا اور خاندانی نظام کو تباہی کی طرف لے جا نا ہے ،اس کے پیچھے مغربی لبرل اور سیکولر لابی کے ایجنڈے کی تکمیل نظر آتی ہے ۔

(جاری ہے)

یہ قانون پاکستان کے اسلامی تشخص کے خلاف ہے اسے فوری واپس لیا جائے۔انہوں نے کہاکہ نکاح پر عمر کی پابندی لگائی جا رہی ہے جبکہ بدکاری بے حیائی کی کھلی چھوٹ ہے ۔

پاکستان کا آئین ضامن ہے کہ ملک میں قرآن و سنت کے خلاف کوئی قانون نہیں بنے گا ۔ اسلامی نظریاتی کونسل نے بھی اس قانون کو خلاف شرع قرار دیا ہے۔ حکمراں یاد رکھیں دین میں مداخلت کا انجام رسوائی کے سوا کچھ نہیں ۔ اسلامی شریعت کے خلاف قانون سازی پر اور دینی اقدار کے تحفظ کیلئے بنیان مرصوص ثابت ہوں گے ۔