Live Updates

محکمہ سرمایہ کاری سندھ ، نادرا، ایس ای سی پی، 1لنک اور پی ایم ڈی کے مابین مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط

آج کا معاہدہ سندھ میں ڈیجیٹل کاروبار کی سہولت شروع کرنے کے ضمن میں اہم ترین پیشرفت ہے،سید قاسم نوید

پیر 2 جون 2025 18:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2025ء)وزیرِ اعلی سندھ کے معاونِ خصوصی برائے سرمایہ کاری و پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ سندھ میں ڈیجیٹل کاروبار شروع کرنے کے لئے محکمہ سرمایہ کاری سندھ ، نادرا، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان(ایس ای سی پی)، ون لنک اور پاکستان موبائل نمبر پورٹیبلیٹی ڈیٹا بیس(پی ایم ڈی)کے مابین مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط اہم ترین پیشرفت ہے۔

یہ بات انہوں نے پیرکواِن اداروں کے مابین محکمہ سرمایہ کاری سندھ کے دفتر میں منعقدہ مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر سیکریٹری سرمایہ کاری سندھ راجہ خرم شہزاد اور مذکورہ اداروں کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ سرمایہ کاری سندھ نے عالمی بینک کے تعاون سے چلنے والے مسابقتی اور قابل رہائش شہر کراچی (CLICK) منصوبے کے تحت، نادرا، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP)، 1LINK، اور پاکستان موبائل نمبر پورٹیبلٹی ڈیٹا بیس (PMD) کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں جس کی رو سے صوبے میں ڈیجیٹل کاروبار شروع کرنے والوں کو بہت مدد ملے گی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ معاہدہ ایک محفوظ ڈیجیٹل ماحولیاتی نظام کی تعمیر کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے اور اس انضمام کے ذریعے، S-BOSS حقیقی وقت میں ڈیجیٹل شناخت کی تصدیق، محفوظ موبائل تصدیق، فوری آن لائن ادائیگیاں، اور ای-سرٹیفیکیشن پیش کرے گا- اس ڈیجیٹل سہولت کی فراہمی سے کاروبار کیلئے ذاتی طور پر موجودگی اور کاغذ پر مبنی عمل کی ضرورت نہیں رہے گی۔

اس موقع پر وزیرِ اعلی سندھ کے معاونِ خصوصی برائے سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ یہ معاہدہ سنگل ونڈو آپریش فعال کرنے، کاروبار میں آسانی پیدا کرنے، اور کاروبار کے لیے نئے مواقع کھولنے کے ضمن میں آسانیاں لائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ سندھ میں Ease of Doing Business کے اصلاحاتی ایجنڈے کے ساتھ مکمل طور پر ہم آہنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ S-BOSS قومی اداروں ایس ای سی پی، نادرا، ون لنک ، اور پی ایم ڈی کے ساتھ مل کر بزنس رجسٹریشن ، لائسنسنگ، اور 130 سے زائد رجسٹریشن اور پرمٹس کے حصول کیلئے واقعی ایک محفوظ اور ہموار پلیٹ فارم مہیا کرے گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات