نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے پروگرام کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس

پیر 2 جون 2025 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2025ء) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے پروگرام کی 46 ویں سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ نائب وزیراعظم کے آفس سے پیر کو جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزراء برائے بین الصوبائی رابطہ، منصوبہ بندی و ترقی، بجلی اور پارلیمانی امور کے علاوہ وزیراعظم کے معاون خصوصی ایم طارق باجوہ سمیت وفاقی سیکرٹریز، اراکین قومی اسمبلی اور صوبائی حکومتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں ایگزیکیوٹنگ ایجنسیوں کے ساتھ بچتوں اور دستیاب فنڈز کے استعمال کا جائزہ لینے اور جاری سکیموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے عمل درآمد کو ہموار کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

(جاری ہے)

نائب وزیر اعظم نے مقررہ وقت کے اندر نتائج کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے موجودہ مالی سال کے اختتام سے قبل مختص وسائل کو مکمل طور پر استعمال کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے تمام سٹیک ہولڈرز کو بروقت ترقیاتی اہداف کو یقینی بنانے کے لیے کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کی۔ نائب وزیر اعظم نے ترقی کی کوششوں کو پائیدار ترقی کے اہداف کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے حکومت کے عزم کا ذکر کیا تاکہ جامع اور بامعنی پیش رفت ہو جو قوم کی ترقی کی ترجیحات کی عکاسی کرتی ہے۔