Live Updates

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کا اجلاس

پیر 2 جون 2025 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2025ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کا اجلاس چیئرپرسن سینیٹر پلوشہ محمد زئی خان کی زیر صدارت اولڈ پی آئی پی ایس ہال، پارلیمنٹ لاجز میں منعقد ہوا، جس میں حال ہی میں وفاقی حکومت کی جانب سے قائم کی گئی پاکستان کرپٹو کونسل کے دائرہ کار اور اختیارات کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر سیکریٹری آئی ٹی ضرار ہاشم خان نے بتایا کہ وزارت کا کردار صرف ٹی او آرز کے حوالے سے تجاویز دینا ہے۔ کمیٹی کا مؤقف تھا کہ کرپٹو کونسل کا انتظامی دائرہ کار وزارت خزانہ کے بجائے وزارت آئی ٹی کے تحت ہونا چاہیے۔ طویل مشاورت کے بعد کمیٹی نے معاملہ مؤخر کرتے ہوئے آئندہ اجلاس میں وزارت خزانہ کو جامع بریفنگ کے لیے مدعو کرنے کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

ایل ڈی آئی/ایف ایل ایل لائسنسز کی تجدید کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سیکریٹری آئی ٹی نے آگاہ کیا کہ سندھ ہائی کورٹ کی ہدایات کے مطابق اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت مکمل ہو چکی ہے اور حتمی فیصلہ آئندہ دو سے تین ہفتوں میں متوقع ہے۔کمیٹی کو پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی میں وزارت آئی ٹی کے کردار سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ سیکریٹری آئی ٹی نے بتایا کہ پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کا مقصد ڈیجیٹل معیشت اور حکمرانی کو فروغ دینا ہے تاکہ ایک شہری مرکز ‘ڈیجیٹل سوسائٹی’ قائم کی جا سکے۔

البتہ وزارت آئی ٹی کا بنیادی کردار پالیسی سازی، قانون سازی، اور شعبہ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن میں حکمرانی سے متعلق ہے۔ کمیٹی کو ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ فورم کے بارے میں بریفنگ دی گئی جو 29 اور 30 اپریل کو جناح کنونشن سینٹر میں منعقد ہوا۔ حکام نے بتایا کہ اس ایونٹ کا انعقاد وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن نے ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کے اشتراک سے کیا، جس میں 40 ممالک نے شرکت کی اور مختلف کمپنیوں کی جانب سے تقریباً 700 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا عزم کیا گیا۔

حکام نے کمیٹی کو پاشا اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ میں رجسٹرڈ آئی ٹی کمپنیوں کی تفصیل سے بھی آگاہ کیا۔ بتایا گیا کہ 20,000 سے زائد آئی ٹی کمپنیاں پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ میں رجسٹرڈ ہیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 19 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ، آئی ٹی شعبے نے مالی سال 2023-24 کے دوران 3.22 ارب ڈالر کی برآمدی محصولات حاصل کئے گئے، جو مالی سال 2022-23 کے مقابلے میں 24.15 فیصد زیادہ ہے۔

اجلاس میں سینیٹرز پرویز رشید، سیف اللہ سرور خان نیازی، ڈاکٹر افنان اللہ خان، گردیپ سنگھ، کامران مرتضیٰ، ڈاکٹر محمد ہمایوں مہمند، ندیم احمد بھٹو، سیکریٹری آئی ٹی ضرار ہاشم خان، چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن اور متعلقہ اداروں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات