ملیر جیل سے فرار قیدیوں کی گرفتاری کیلئے پولیس اہلکار مساجد سے اعلانات کرتے رہے

پولیس اہلکارکی جانب سے عوام سے مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع تھانہ سکھن یا 15 پر دینے کی اپیل کی گئی ہے، قیدیوں کو دوبارہ پکڑنے کیلئے پولیس مختلف ذرائع استعمال کر رہی ہے

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 3 جون 2025 11:40

ملیر جیل سے فرار قیدیوں کی گرفتاری کیلئے پولیس اہلکار مساجد سے اعلانات ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 جون 2025)کراچی کی ملیر جیل سے فرار ہونے والے قیدیوں کی دوبارہ گرفتاری کیلئے پولیس اہلکار مساجد سے اعلانات کرتے رہے، اعلان میں عوام سے مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع تھانہ سکھن یا 15 پر دینے کی اپیل کی گئی ہے،گزشتہ رات ملیر جیل سے زلزلے کی وجہ سے بیرکس سے باہر بیٹھے ہوئے مجموعی طور پر 213 قیدی فرار ہو گئے تھے جنہیں دوبارہ پکڑنے کیلئے پولیس مختلف ذرائع استعمال کر رہی ہے۔

رینجرز کی نفری بھی ملیر جیل کے باہر پہنچ گئی ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ ملیر جیل میں سرچ آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے اور پولیس، رینجرز اور ایف سی نے ملیر جیل کا کنٹرول سنبھال لیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مفرور قیدیوں کے خلاف الگ مقدمہ درج ہوگا جس میں جیل توڑنے اور اہلکاروں پر حملے کی دفعات شامل کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

مفرور اور دوبارہ پکڑے جانے والے قیدیوں کا ٹرائل کیا جائے گا۔

قیدیوں کی گرفتاری کیلئے پولیس نے آپریشن کرتے ہوئے نیشنل ہائی وے پر دونوں ٹریک ٹریفک کیلئے بند کردئیے گئے ہیں۔ پولیس نے فرار ہونے والے کئی قیدیوں کو پکڑ لیا ہے۔قیدیوں کو قذافی ٹاون، شاہ لطیف اور بھینس کالونی سے گرفتار کیا گیا ہے۔ قیدیوں کی گرفتاری کیلئے علاقہ مکینوں نے بھی پولیس سے تعاون کیا اور بتایا کہ مشکوک قسم کا شخص ابھی علاقے میں داخل ہوا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرار قیدیوں کی گرفتاری کیلئے جیل اور اس کے اطراف کئے جانے آپریشن میں رینجرز بھی حصہ لے رہی ہے۔ منزل پمپ اور اطراف سے بھی متعدد قیدی پکڑے گئے ہیں۔دوسری جانب جیل حکام نے حکومتی حکام کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملیر جیل سے 150 سے زائد قیدی فرار ہوئے جبکہ جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ ملیر جیل سے200کے لگ بھگ قیدیوں کے فرار ہونے کا خدشہ ہے۔

پولیس اور جیل حکام نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ آپریشن کے دوران لگ بھگ 60 قیدی گرفتار کر لئے ہیں جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ 100قیدیوں کی تلاش جاری ہے۔جیل حکام کے مطابق قریبی علاقوں نواحی دیہاتوں میں سرچ آپریشن جاری ہے ایس ایس یو، ایس آر ایف سمیت دیگر سکیورٹی اہلکار قیدیوں کی تلاش کر رہے ہیں۔جیل حکام نے قیدیوں کی گنتی شروع کردی ہے کس نوعیت کے قیدی جیل سے فرار ہوئے ابھی اس کا تعین کیا جارہا ہے تاہم جیل کے اندر تمام قیدیوں کو قابو کرلیا گیا ہے۔