Live Updates

اسلامی نظریاتی کونسل کے زیر اہتمام ’’معرکہ حق بنیان مرصوص اور ملی ارتباط پیغام پاکستان کی روشنی میں ‘‘کے عنوان سے سمپوزیم کا انعقاد

منگل 3 جون 2025 16:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) اسلامی نظریاتی کونسل کے زیر اہتمام ’’معرکہ حق بنیان مرصوص اور ملی ارتباط پیغام پاکستان کی روشنی میں ‘‘کے عنوان سے سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین علامہ راغب حسین نعیمی نے کہا کہ بہت عرصے سے ہم یہ سن رہے تھے کہ مسلمانوں کو مار پڑ رہی ہے لیکن ’’بنیان مرصوص ‘‘آپریشن نے ثابت کیا کہ پاکستان کے مسلمان کمزور نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، افواج پاکستان کے جوابی وار سے بھارت نے دنیا کی طرف دیکھا مگر دنیا کے بیشتر ممالک پاکستان کے ساتھ کھڑے تھے، دنیا نے پاکستان کے موقف کو تسلیم کیا اور بھارتی جارحیت کی مذمت کی، یہ جنگ ہمیں بہت کچھ سکھا گئی ہے، اگر اس قوم نے اس جنگ سے سبق سیکھا تو دنیاوی اور دینی لحاظ بہت آگے جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری افواج نے یہ ثابت کیا کہ جدید ہتھیار سے زیادہ پریکٹس اور نظم و ضبط ضروری ہے۔ اس موقع پر مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل (ر) سرفراز خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق سچائی کی جنگ اور جہاد کا نام ہے، اللہ تعالیٰ کا حکم ہے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح اپنا دفاع مضبوط کریں، جب مومن حق کیلئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنتا ہے تو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی، ہماری قوم سیاسی بنیادوں پر بٹی ہوئی تھی مگر اس جنگ میں قوم نے ایک ہو کر دکھایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے نظریاتی طور پر بھی بھارت کو شکست دی ہے، 6 اور 7 فروری کو پاک فضائیہ نے دشمن کو جو جواب دیا وہ مثالی ہے، پاک فضائیہ نے ہمیشہ اپنے سے دس گنا بڑے دشمن کو سامنے رکھ کر جنگ کی تیاری کی ہے، جب ہمارے پاس بی وی آر میزائل نہیں تھے تب بھی ہم بھارتی بی وی آر کو ذہن میں رکھ کر ٹریننگ کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ فضائی معرکہ کیلئے 150 جہازوں کو مدمقابل رکھ کر ایکسرسائز کرتی ہے، پاک فضائیہ کی ٹریننگ میں یہ چیز شامل ہے کہ ہمارے سامنے ایک کے مقابلے میں تین جہاز ہوں گے اور ہم نے ان پر غلبہ پانا ہے، دشمن کو 6 اور 7 مئی کو پتہ ہی نہیں چلا کہ اس کے ساتھ کیا ہوا، پاک فضائیہ نے دشمن کے چھ جہاز گرائے اور الحمدللہ ہمارا کوئی نقصان نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ بالاکوٹ واقعہ کے بعد بھی دشمن کو ہزیمیت کا سامنا ہوا، بالا کوٹ حملے کے بعد دشمن تیار تھا مگر پاک فضائیہ نے پوار دن پلاننگ کے تحت اٹیک کیا، دشمن پوری رات انتظار کرتے تھک گیا اور ہم نے صبح کی روشنی میں دشمن کو جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت 10 مئی کو ہونے والے’’ بنیان مرصوص ‘‘آپریشن کا جواب دیتا تو ہم پوری طرح تیار تھے، بھارتی فضائیہ کا کوئی بھی طیارے 10 مئی کو ہمارے طیارے کے سامنے نہیں آیا، ہمارے جے ایف 17 تھنڈر نے بھارتی ایس 400 کے دو بیٹریاں تباہ کیں، ہمیں اپنے وجود کو برقرار رکھنے کیلئے انتہائی قدم بھی اٹھانا پڑا تو ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات