صوبائی اسمبلی کے معزز ممبران کی طرف سے شکایات ، اُنکے مسائل کو حل کرنے کیلئے کیسکوہرممکن کوشش کر ے گی،یوسف شاہ خان

جن علاقوںمیں صارفین باقاعدگی اور ذمہ داری سے اپنے بجلی بلوںکی ادائیگی کر تے ہیںوہاں لوڈشیڈنگ کادورانیہ کم ہے،چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکو

منگل 3 جون 2025 20:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2025ء) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو)کے چیف ایگزیکٹوآفیسرانجینئریوسف شاہ خان نے کہاہے کہ وزیراعظم پاکستان شہبازشریف اور وفاقی وزیر توانائی سرداراویس لغاری کی خصوصی احکاما ت کی روشنی میں کیسکوبجلی چوری کے خاتمہ اور نادہندگان سے بقایاجات کی وصولی پرتیزی سے کام کررہی ہے تاکہ تمام صارفین کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائی جاسکے۔

انہوںنے کہاکہ صوبائی اسمبلی کے معزز ممبران کی طرف سے شکایات اور اُنکے مسائل کو حل کرنے کیلئے کیسکوہرممکن کوشش کر ے گی ۔اس سلسلے میں کیسکوتمام صارفین کو بلاتعطل بجلی فراہمی کیلئے اپنے عزم کااعادہ کرتی ہے اور جغرافیائی مشکلات ، سیکورٹی مسائل اورمحدود وسائل سمیت دیگر آپریشنل چیلنجوں کے باوجود کیسکوتمام صارفین کی خدمت کیلئے کوشاں ہے اور صارفین کو بجلی فراہمی اور اُن کی شکایات کے فوری ازالہ کیلئے فیلڈآپریشن کاعملہ ہمہ وقت فرائض سرانجام دے رہاہے ۔

(جاری ہے)

تاہم صارفین بجلی بندش یا فنی خرابی کی شکایت کیلئے اپنے متعلقہ سب ڈویژن یا بجلی بلوںپر درج نمبروںپر رابطہ کریں۔ چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکونے کہاکہ حکومتی پالیسی کے تناظرمیں تمام علاقوںمیں فیڈروں پر ایڈمنسٹریٹو، ٹیکنیکل اور کمرشل لاسز(AT&C) کی بنیاد پر لوڈ مینجمنٹ کاشیڈول ترتیب دیاجاتاہے اورجن علاقوںمیں صارفین باقاعدگی اور ذمہ داری سے اپنے بجلی بلوںکی ادائیگی کر تے ہیںوہاں لوڈشیڈنگ کادورانیہ کم ہے جبکہ جن علاقوںمیں بجلی بل جمع کرنے کی شرح کم اور بجلی کی چوری زیادہ ہے تواُن علاقوںمیں لوڈشیڈنگ کادورانیہ بھی زیادہ ہے ۔

انہوں نے کہاکہ زرعی صارفین کے کنکشنز کو شمسی توانائی پر منتقلی کے منصوبہ پر بھی کام کررہی ہے تاکہ صارفین کو زیادہ سے زیادہ بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائی جاسکے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسرکیسکونے کہاکہ تمام نادہندگان کے ذمہ بجلی بلوںکی مدمیں ابتک کے مجموعی بقایاجات730ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں۔ اس مذکورہ رقم میں سے زرعی صارفین کے ذمہ642ارب روپے ، گھریلوصارفین کے ذمہ 39ارب روپے،کمرشل 3ارب24کروڑروپے ،انڈسٹریل صارفین کے ذمہ ایک ارب روپے، صوبائی حکومت کے ذیلی محکموں کے ذمہ 42ارب روپے اور وفاقی حکومت کے ذیلی محکموںکے ذمہ 3ارب روپے کے بقایاجات واجب الاداہیں۔

صارفین کی جانب سے بجلی بلوںکی عدم ادائیگی کے باعث کیسکوکے مسائل میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ صارفین کو لوڈشیڈنگ کاسامناکرناپڑرہاہے کیونکہ کیسکوبجلی خریدنے اور بیچنے والی ایک کمپنی ہے جو بغیر ادائیگی کسی بھی صارف کو بجلی فراہم نہیں کرسکتی لہٰذاتمام معزز اراکین اسمبلی اورمتعلقہ علاقائی معززین اپنے متعلقہ علاقوںمیں بجلی بلوںکی بروقت بلوں کی ادائیگی کو فروغ دینے اور بجلی چوری کی حوصلہ شکنی کے لیے علاقائی سطح پراپناانفرادی کرداراداکریں تاکہ اُن علاقوںمیںبجلی فراہمی کے دورانیہ بڑھایاجاسکے ۔