Live Updates

عوامی دباؤ پر اسلام آباد میٹرو اور الیکٹرک بس کا کرایہ بڑھانے کا فیصلہ واپس، پرانا کرایہ بحال کردیا گیا

اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا جس کا اطلاق تمام بس سروسز بشمول اورنج لائن، گرین لائن میٹرو بس اور الیکٹرک فیڈر روٹس پر فوری طور پر ہو گا؛ ترجمان سی ڈی اے

Sajid Ali ساجد علی بدھ 4 جون 2025 11:38

عوامی دباؤ پر اسلام آباد میٹرو اور الیکٹرک بس کا کرایہ بڑھانے کا فیصلہ ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 جون 2025ء ) حکومت عوامی دباؤ کے باعث اسلام آباد میٹرو اور الیکٹرک بس کا کرایہ بڑھانے کا فیصلہ واپس لینے پر مجبور ہوگئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد میں میٹرو اور الیکٹرک بسوں کے کرایوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے پرانا کرایہ بحال کردیا گیا ہے، ترجمان سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر کرایوں میں کیا گیا اضافہ فوری طور پر واپس لے لیا گیا ہے، اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا، نوٹیفکیشن کا اطلاق تمام بس سروسز بشمول اورنج لائن، گرین لائن میٹرو بس اور الیکٹرک فیڈر روٹس پر فوری طور پر ہو گا۔

خیال رہے کہ چنس روز قبل حکومت نے شہریوں کو بجٹ سے پہلے بڑا سرپرائز دیتے ہوئے اسلام آباد میٹرو بس کے کرایوں میں اضافہ کردیا تھا جس کے تحت کرایہ 50 روپے سے بڑھا کر 100 روپے کیا گیا، اورینج لائن میٹرو، گرین، بلیو اور الیکٹرک میٹرو بس کا یک طرفہ کرایہ 26 مئی سے 50 روپے سے بڑھا کر 100 روپے مقرر کردیا گیا تھا، 26 مئی 2025 سے نئی کرایہ پالیسی نافذ کی گئی جس کے تحت اورنج لائن، گرین لائن، بلیو لائن اور الیکٹرک فیڈر روٹس پر یکساں طور پر فی سفر کرایہ 100 روپے مقررکیا گیا جب کہ پہلے مختلف روٹس پر کرایہ 50 سے 90 روپے کے درمیان تھا۔

(جاری ہے)

ترجمان ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے کہا کہ عوام کو بہترین سفری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور اس چیز کو ہر صورت یقینی بنایا جاتا ہے کہ مسافروں کو درپیش تمام مسائل فوری حل کیے جائیں، تمام بسیں فعال حالت میں کام کر رہی ہیں اور اپنے روزمرہ اوقات کار کے مطابق مقررہ کوریڈور پر مسافروں کی نقل و حمل میں بروئے کار ہیں، رش کے اوقات میں مسافروں کی آمد و رفت کئی گنا بڑھ جاتی ہے، رش کے اوقات میں بسوں میں 180 سے 200 تک مسافر سوار ہوجاتے ہیں جو غیر معمولی رش اور کولنگ کی کمی کاباعث بن سکتے ہیں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات