Live Updates

آپریشن سندور کی ناکامی اور مودی سرکار کی ناقص پالیسی پر راہول گاندھی برہم

"نریندر سرنڈر" مودی سرکار بھارت کی عسکری اور سفارتی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہے، بی جے پی اور آر ایس ایس پر تھوڑا سا دباؤ ڈال دو تو یہ ڈر کے بھاگ جاتے ہیں؛ بھارتی اپوزیشن لیڈر کا خطاب

Sajid Ali ساجد علی بدھ 4 جون 2025 12:54

آپریشن سندور کی ناکامی اور مودی سرکار کی ناقص پالیسی پر راہول گاندھی ..
نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 جون 2025ء ) بھارت کی مودی سرکار کی ناقص حکمت عملی کو کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے اپنے نشانے پر رکھ لیا۔ تفصیلات کے مطابق آپریشن سندور کی ناکامی، مودی سرکار کی ناقص خارجہ پالیسی اور دفاعی حکمت عملی پر کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے شدید برہمی کا اظہار کیا، انہوں نے اپنے حالیہ خطاب میں مودی کی ناکام حکمت عملی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار بھارت کی عسکری اور سفارتی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہے، بی جے پی اور آر ایس ایس پر تھوڑا سا دباؤ ڈال دو تو یہ ڈر کے بھاگ جاتے ہیں، موجودہ حکومت بین الاقوامی سطح پر بھارت کو کمزور اور غیر معتبر بنا رہی ہے۔

کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے کہا کہ مودی سرکار "سرنڈر والی چٹھی" لکھنے کے عادی ہے، ٹرمپ کے فون پر "نریندر سرنڈر" کرکے ٹرمپ کی ہدایات کو تسلیم کیا گیا، بھارت میں مودی سرکار کی قیادت سرنڈر کی پالیسی اپنائے ہوئے ہے، مودی سرکار سپر پاور کے اشارے پر سر جھکانے والے لوگ ہیں جس سے بھارت کی خودمختاری اور وقار کو شدید دھچکا لگا ہے، اگر یہی طرزِ حکمرانی جاری رہی تو بھارت کی دفاعی اور سفارتی خودمختاری مکمل طور پر زائل ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں بھارتی اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے مودی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ پاکستان پر حملے کے بعد بھارتی فضائیہ نے کتنے طیارے کھوئے؟بھارتی اپوزیشن لیڈر نے یہ سوال بھارت کے وزیر خارجہ جے شنکر کے اس بیان کے بعد اٹھایا جس میں انہوں نے تسلیم کیا کہ حملے سے قبل پاکستان کو مطلع کیا گیا تھا، جے شنکر کے بیان نے نا صرف سیاسی بلکہ عسکری حلقوں میں بھی نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

اس معاملے پر راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ اگر واقعی حملے سے پہلے پاکستان کو آگاہ کیا گیا تو یہ ایک سنگین سکیورٹی معاملہ ہے، اور عوام کو بتایا جائے کہ ایسا کرنے کا اختیار کس نے دیا، حکومت کی یہ پالیسی ملکی سلامتی کے خلاف ہے، وزیر خارجہ کا یہ اعتراف تشویش ناک ہے اور اس پر خاموشی اختیار نہیں کی جا سکتی، ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی جاننے کا مطالبہ کیا کہ حملے کے بعد بھارتی فضائیہ کو کس قدر نقصان پہنچا؟۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات