Live Updates

آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی کی ملاوٹ مافیا، مضر صحت اشیاء کا کاروبار کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کارروائی ، 1660000 روپے جرمانہ عائد

بدھ 4 جون 2025 16:05

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ملاوٹ مافیا اور مضر صحت اشیاء کا کاروبار کرنے والی کمپنیوں کے خلاف بلا تخصیص و بلا تفریق کارروائیاں جاری ہیں۔ ماہ مئی 2025ء میں پاکستان سے آزاد کشمیر کی حدود میں اپنی پراڈکٹس فروخت والی مختلف کمپنیز کے پراڈکٹس کے سیمپلز حاصل کر کے لیبارٹری تجزیہ کروایا گیا ، موصولہ تجزیاتی رپورٹ کی بنیاد پر 26 کمپنیز(آئل گھی ، فروزن میٹ ،سنیکس اور جوسز) جو کوالٹی سیفٹی اور Labelling پیرامیٹرز پر فیل قرار پائی ہیں ،ان پر مجموعی طور پر 1660000 روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جو پراڈکٹس سیفٹی اور کوالٹی پیرامیٹرز پر فیل قرار پائی ہیں ان کی آزاد کشمیر میں فروختگی پر پابندی بھی عائد کی گئی جبکہ لیبلنگ پر غیر تسلی بخش قرار پانے والی کمپنیز کو فوراً لیبلنگ درست کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

آزاد جموں وکشمیر فوڈ اتھارٹی کی موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری سے آزاد کشمیر بھر میں دودھ ، پانی اور دیگر کھانے پینے والی اشیاء کی ٹیسٹنگ عمل میں لائی گئی جس پر ضلع میر پور میں 24 ملک شاپس کو دودھ میں ملاوٹ پائے جانے پر سیل کیا گیا اور متعدد موٹر سائیکل گاڑیاں جو پابندی کے باوجود پنجاب سے دودھ آزاد کشمیر میں لا کر فروخت کر رہی ہیں، انکو ضبط کرتے ہوئے ملاوٹ شدہ دودھ کو تلف کیا گیا۔

ضلع کوٹلی میں پنجاب سے تیار کردہ بیکری کا سامان فروخت کرنے والے ایک سٹور کو ناقص صفائی ستھرائی اور کیک میں چوہا پائے جانے پر سیل کر دیا گیا جبکہ ضلع مظفر آباد میں غیر رجسٹرڈ اور بدوں لائسنس کا روبار کرنے پر 02 جوس بنانے والی کمپنیز کے 1200 کاٹن ضبط کیے گئے اور مختلف چشموں اور مارکیٹ میں فروخت ہونے والے مختلف برانڈز کے پانی کے 47 سیمپلز لے کر لیبارٹری تجزیہ کیلئے ارسال کیے گئے ۔

آزاد جموں وکشمیر فوڈ اتھارٹی کے ترجمان نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ عدالت عظمیٰ کے مقدمہ شاہد زمان بنام آزاد حکومت وغیرہ اور اور مختلف اوقات میں دی گئی ہدایات کی روشنی میں جملہ فوڈ سیفٹی آفیسران آزاد کشمیر کو غیر معیاری و مضر صحت پراڈکٹس اور اس میں ملوث کمپنیز اور FBO'S بالخصوص دودھ، پانی ، بیکری، آئل اور سنیکس کے خلاف کاروائی روزانہ کی بنیاد پر جاری رکھنے کیلئے ہدایات دی گئیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات