سپریم کورٹ:10 سال سے لاپتا کم عمر لڑکے کی بازیابی کی درخواست پر آئی جی سندھ اور دیگر سے جواب طلب

بدھ 4 جون 2025 17:15

سپریم کورٹ:10 سال سے لاپتا کم عمر لڑکے کی بازیابی کی درخواست پر آئی جی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2025ء)سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے 10 سال سے لاپتا کم عمر لڑکے کی بازیابی کی درخواست پر آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر، محکمہ داخلہ سندھ و دیگر سے جواب طلب کرلیا۔سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں 10 سال سے لاپتا کم عمر لڑکے کی بازیابی کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ والد نے کہا کہ 15 سالہ نوجوان علی اصغر سکھر ایوب گیٹ سے 2015 سے لاپتا ہے۔

(جاری ہے)

10 سال گزر گئے ہیں میرے بیٹے کا تاحال کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے۔ پولیس نے میرے بیٹے کی بازیابی کا کیس سی کلاس کردیا تھا۔ عدالت سے رجوع کرنے پر کیس بحال کیا گیا۔ جیو فینسنگ اور سی ڈی آر کے ذریعے ملزمان کی نشاندہی بھی ہوچکی ہے۔ بااثر لوگوں کی وجہ سے پولیس نے کیس خراب کرنے کی کوشش کی ہے۔ 2 جے آئی ٹیز بن چکی ہیں تاحال نتیجہ صفر ہے۔ عدالت نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر، محکمہ داخلہ سندھ و دیگر سے جواب طلب کرلیا۔