Live Updates

سمبڑیال میں عید قربان کے موقع پر مویشی منڈی کا انعقاد،صفائی ستھرائی، علاج معالجہ اورسکیورٹی کےانتظامات

بدھ 4 جون 2025 18:11

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) اسسٹنٹ کمشنر غلام فاطمہ کی ہدایت پرسمبڑیال میں عید قربان کے موقع پر مویشی منڈی کا انعقاد کیا گیا ہے۔ مویشی منڈی میں ایس ایچ او تھانہ سمبڑیال ارشاد احمد کی زیر نگرانی پولیس ڈیسک کا انعقاد کیا گیا ہے اور میونسپل کارپوریشن کی زیر نگرانی صفائی ستھرائی کے پیش نظر ڈیسک کا انعقاد کیا گیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر لائیواسٹاک سمبڑیال ڈاکٹر افضل کی زیر نگرانی جانوروں کے علاج معالجہ کیلئے مفت میڈیکل ڈیسک کا قیام کیا گیا ہے۔منڈی میں سایہ اور پانی کا بھی بہترین انظام کیا گیا ہے ، جانوروں کیلئے علیحدہ سے تازہ پانی سے بھرے ٹینک کا انتظام بھی کیا گیا ہے تاکہ جانور سخت گرمی میں کسی بھی وقت تازہ پانی پی سکیں۔ اس موقع پر لائیوسٹاک ڈیسک پر موجود ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹرافضل نے’’ اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس سال وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق منڈی میں سکیورٹی ،صفائی ستھرائی اور لائیوسٹاک ڈیسک سمیت بہترین انتظامات کیے گئے ہیں اور محکمہ لائیوسٹاک بیمار ہونے والے جانوروں کی دیکھ بھال کیلئے ہمہ وقت منڈی میں ہے اور جانوروں کیلئے فری ادویات مہیا کررہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیرآباد روڈ پکی گڑھی کے مقام پر پر لائیوسٹاک چیک پوسٹ کا بھی انعقاد کیا گیا جو آنے والے جانوروں کو چیچڑوں سے بچائو کیلئے اسپرے کرکے ٹیگ لگا رہے ہیں تاکہ منڈی میں دوسرے جانور بھی محفوظ رہ سکیں۔منڈی میں موجود ایک بیوپاری نے بتایا کہ یہاں جانوروں کی دیکھ بھال و رہائش کیلئے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں اور شدید گرمی کو مدنظر رکھتے ہوئے دن رات بجلی کے انتظامات بھی کئے گئے ہیں جو لائق تحسین ہیں۔
Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات