Live Updates

وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی ملاقات، ریلوے کے شعبے میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر گفتگو

بدھ 4 جون 2025 22:14

وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی ملاقات، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2025ء)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی جس میں دونوں رہنمائوں نے ریلوے کے شعبے میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے مختلف پہلوئوں پر تفصیل سے گفتگو کی۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر ریلوے نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ریلوے کی ترقی اور جدت کے لئے ایک جامع حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے تجربات سے بھرپور استفادہ کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ ملک میں ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنایا جا سکے اور اس شعبے میں کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔دونوں فریقین نے حالیہ اعلیٰ سطحی مذاکرات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین دوستی اور اقتصادی تعاون کے رشتے مستحکم بنیادوں پر قائم ہیں۔

(جاری ہے)

اس ملاقات میں دونوں ممالک نے تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات پر زور دیا، خاص طور پر ریلوے کے شعبے میں تعاون کو مزید بڑھانے کا عزم کیا گیا۔وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے ریلوے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی اور جدید طریقوں کے استعمال کو فروغ دینا چاہتا ہے تاکہ اس شعبے کی کارکردگی اور معیشت پر اس کے اثرات کو بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ دونوں ملکوں کے مابین اس شعبے میں باہمی مفاد کے پروجیکٹس پر کام جاری رہے گا جس سے نہ صرف دونوں ممالک کی معیشت کو فائدہ پہنچے گا، بلکہ عوامی نقل و حمل میں بھی بہتری آئے گی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات