Live Updates

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیر قیادت ایم کیو ایم کے وفد کی ملاقات ، وفاقی بجٹ پر مشاورت

بدھ 4 جون 2025 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کراچی-4 (کے فور)پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے گا ، کراچی کے عوام کو ٹرانسپورٹ کی بہترین سہولیات دینے کے لئے گرین لائن منصوبہ وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے کنوینئر متحدہ قومی موومنٹ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیر قیادت ایم کیو ایم کے وفد نے ملاقات کی۔

وفد میں وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفیٰ کمال ، اراکین قومی اسمبلی امین الحق ، ڈاکٹر فاروق ستار اور جاوید حنیف شامل تھے۔ وزیراعظم نے ایم کیو ایم کے وفد سے وفاقی بجٹ برائے مالی سال 26۔2025 پر مشاورت کی۔ وفد نے وفاقی بجٹ کے حوالے سے اپنی تجاویز وزیراعظم کو پیش کیں ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی-4 (کےفور) پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے گا ، کراچی کے عوام کو ٹرانسپورٹ کی بہترین سہولیات دینے کے لئے گرین لائن منصوبہ وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، کراچی-حیدرآباد پیکیج کے حوالے سے بھی کام تیز تر کرنے کی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں ۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ، وفاقی وزیر برائے پبلک افیئرز یونٹ رانا مبشر اقبال، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور و بین الصوبائی روابط رانا ثناءاللہ اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طلحہ برکی بھی موجود تھے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات