Live Updates

وزیر ریلوے کی اٹلی کی سفیر مارلینا آرمیلن سے ملاقات،مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

محمد حنیف عباسی کا اٹلی کے ساتھ ریلوے کے شعبے میں تکنیکی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار

جمعرات 5 جون 2025 14:20

وزیر ریلوے کی اٹلی کی سفیر مارلینا آرمیلن سے ملاقات،مختلف شعبوں میں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2025ء)وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے پاکستان میں اٹلی کی سفیر محترمہ مارلینا آرمیلن سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور اٹلی کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے دوران وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے اٹلی کے ساتھ ریلوے کے شعبے میں تکنیکی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی اور مہارت کے فروغ کے لیے اٹلی کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتا ہے، تاکہ پاکستان کے ریلوے نظام کو جدید اور موثر بنایا جا سکے۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور اٹلی کے مابین دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں، جو نہ صرف ثقافتی اور تجارتی سطح پر مضبوط ہیں بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت اور تعاون کی علامت بھی ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر ریلوے نے کہا کہ ان تعلقات کو مزید بڑھانے کے لیے مشترکہ ترقیاتی منصوبوں اور تجربات کے تبادلے پر کام کیا جائے گا۔ملاقات میں ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، مسافر سروسز میں بہتری، اور فریٹ نیٹ ورک کو مزید مستحکم کرنے پر بھی تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ اٹلی کی جانب سے فراہم کردہ جدید ترین ریلوے ٹیکنالوجی، سسٹمز، اور تربیتی پروگراموں سے پاکستان کو فائدہ پہنچ سکتا ہے، خاص طور پر اس کے مسافر اور مال برداری کے شعبے میں۔

دونوں فریقین نے ریلوے کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے اور مشترکہ منصوبوں پر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا، تاکہ دونوں ممالک کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔ وزیر ریلوے نے اس موقع پر اٹلی کی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور اس بات کا عہد کیا کہ پاکستان اپنے ریلوے نیٹ ورک کی بہتری کے لیے اٹلی کے تجربات سے بھرپور فائدہ اٹھائے گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات