Live Updates

آج کا دن ہمیں ماحول کی اہمیت اور اس کی حفاظت کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلاتا ہے، یوسف رضا گیلانی

جمعرات 5 جون 2025 20:24

آج کا دن ہمیں ماحول کی اہمیت اور اس کی حفاظت کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں ..
اسلام آباد،(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2025ء)ماحول کے عالمی دن کے موقع پر چیئرمین سینیٹ آف پاکستان، سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن ہمیں ماحول کی اہمیت اور اس کی حفاظت کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلاتا ہے۔ یہ دن نہ صرف ایک یاد دہانی ہے بلکہ ایک اجتماعی عزم کا موقع بھی ہے کہ ہم اپنی آئندہ نسلوں کو ایک صاف، سرسبز اور محفوظ ماحول فراہم کریں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، آلودگی، جنگلات کی کٹائی اور آبی وسائل کی کمی جیسے چیلنجز ہمارے مستقبل کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

ان مسائل کا حل صرف حکومتوں کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شہری، ادارے، اور معاشرے کی مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو ماحولیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، اس لیے ہمیں مقامی، قومی اور عالمی سطح پر ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات کو فروغ دینا ہوگا۔

(جاری ہے)

شجرکاری، پانی کے درست استعمال، پلاسٹک سے اجتناب، اور قدرتی وسائل کا دانشمندانہ استعمال ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سینیٹ آف پاکستان ماحولیاتی تحفظ کے لیے قانون سازی، پالیسی سازی اور نگرانی کے عمل میں اپنی مکمل ذمہ داری نبھاتا رہے گا۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ماحول دوست طرزِ زندگی اپنائیں اور آگاہی پھیلانے میں کلیدی کردار ادا کریں۔ چیئرمین سینیٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ایک سرسبز و شاداب ملک کے طور پر دنیا میں ایک مثال بنے گا، جہاں ترقی اور ماحول ایک ساتھ آگے بڑھیں گے۔۔۔۔۔ اعجاز خان
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات