آئی جی خیبرپختونخوا کی زیر صدارت سی پی او آفس پشاور میں تقریب

ژ* پولیس افسران وجوانان کو دہشت گردوں ،ٹارگٹ کلرز، قتل و اقدام قتل، منشیات فروشوں، راہزنوں اور ڈکیتوں کے خلاف مختلف کارروائیوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا

جمعرات 5 جون 2025 20:10

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2025ء)انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے آج سینٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقدہ ایک تقریب میں پشاور، خیبر، سوات، کوہاٹ، ہنگو، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان کے اضلاع کے پولیس افسران وجوانان کو دہشت گردوں ،ٹارگٹ کلرز، قتل و اقدام قتل، منشیات فروشوں، راہزنوں اور ڈکیتوں کے خلاف مختلف کارروائیوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا۔

تفصیلات کے مطابق کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے بہترین تفتیش اور جدید ٹیکنالوجی کی بدولت ڈکیتی کی دو الگ الگ وارداتوں میں ملوث ملزمان کو سی سی ٹی وی ریکارڈنگ اور جیوفنسنگ کے ذریعے رسائی حاصل کرکے پنجاب اور سندھ میں روپوش بین الصوبائی ملزمان کو نہ صرف گرفتار کیا بلکہ ان سے لوٹی ہوئی رقم 1کروڑ 41 لاکھ روپے ، 3عدد پستول، 12بور رائفل اور واردات میں استعمال ہونے والی موٹر کار XLI بھی برآمد کی۔

(جاری ہے)

جبکہ خیبر پولیس نے بے مثال جرات و بہادری سے رات کی تاریکی میں تکیہ پولیس پوسٹ تھانہ باڑہ پر دہشت گردوں کا بھاری ہتھیاروں تھرمل سنائپر، راکٹ لانچر اور ہیڈ گرنیڈ سے حملہ ناکام بناتے ہوئے دہشت گردوں کو بھاگنے پر مجبور کیاتھا اسطرح سوات پولیس نے دہشت گردوں کے حملے کو نہایت جرات اور بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے ناکام بنایا تھا۔ ہنگو پولیس نے چھاپہ زنی کے دوران دہشت گرد انہ سرگرمیوں میں ملوث ملزم اشتہاری کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ہینڈ گرنیڈ، AK47 رائفل، 9 ایم ایم پستول بمعہ کارتوس برآمد کئے تھے جبکہ کوہاٹ پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران دہشت گرد طالبان کمانڈرسید رحمان کو 20 منٹ سے زیادہ فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد جہنم واصل کرکے بہادری کی مثال قائم کی تھی۔

اسی طرح ڈی آئی خان پولیس نے اندھے قتل کی سائنسی خطوط پر تفتیش کرکے 24گھنٹے کے اندر سراغ لگا کر ملوث ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی تھی جبکہ ایک اور کارروائی میں بدنام زمانہ منشیات سمگلروں کے خلاف کارروائی کرکے 473کلو گرام چرس برآمد کرکے بین الصوبائی گروہ کی گرفتاری کو یقینی بنایا اسی طرح ٹانک پولیس نے حالیہ پولیو مہم کے دوران تھانہ اعظم ورسک کی حدود میں پولیو ٹیم پر نامعلوم دہشت گردوں کے حملہ کو بغیر کسی جانی نقصان کے ناکام بنایا۔

اس موقع پر آئی جی پی ذوالفقار حمید نے انعام یافتہ پولیس اہلکاران کی جرات و بہادری، ڈیوٹی سے لگن اور پیشہ ورانہ جذبے کی تعریف کی۔آئی جی پی نے بالخصوص دہشت گردوں، اسلحہ و ہتھیاروں کے سمگلروں اورمنشیات فروشوں کے خلاف خیبر پختونخوا پولیس کی بہترین کارکردگی کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ آئی جی پی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کو صوبے میں امن و امان کے حوالے سے چینلجز درپیش ہیں تاہم پولیس ڈٹ کر اس کا جرات و بہادری سے مقابلہ کررہی ہے اور آئے روز دہشت گردوں کے حملوں کو پسپا کررہی ہے۔

آئی جی پی نے انعام یافتہ گان پولیس کی کامیاب و نتیجہ خیز کارروائیوں کو اپنی مثال آپ قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اسی لگن ، دلیری اور ایمانداری سے عوام الناس کی حفاظت اور ملک وقوم کی خدمت کرتے رہیں گے۔ ایڈیشنل آئی جی پیز آپریشنز محمد علی بابا خیل، ایلیٹ کاشف عالم، ڈی آئی جی ویلفیئر محمد کاشف مشتاق کانجو ، ڈی آئی جی فنانس فدا حسن، پرنسپل سٹاف آفیسر برائے آئی جی پی عمران اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز شہزادہ کوکب فاروق بھی اس موقع پر موجود تھے۔