Live Updates

پاکستان کا دورہ شاندار تھا، 20 افراد تصویر لینے کے لیے کمرے میں آگئے، ترک ادا کار انجین التان

جمعہ 6 جون 2025 16:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2025ء)مقبول ترک ڈرامے ’ارطغرل غازی‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے ترکیہ کے معروف اداکار انجین التان دوزیتان نے کہا ہے کہ پاکستان کا دورہ بہت ہی شاندار تھا، دورے کے دوران 20 افراد تصویر لینے کے لیے کمرے میں آگئے تھے۔انجین التان نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں پاکستان کے دورے کے دوران پیش آنے والے دلچسپ واقعات کا ذکر کیا۔

ترکیہ کے معروف اداکار نے کہا کہ پاکستان کا دورہ بہت شاندار تھا اور یہاں کے لوگ ’ارطغرل‘ سیریز سے بے حد محبت کرتے ہیں۔اداکار نے بتایا کہ جب وہ 2020 میں کراچی پہنچے تب کووڈ 19 کی وبا پوری دنیا میں پھیل رہی تھی، مگر پاکستان میں اس وبا کے بارے میں لوگ بہت کم سنجیدہ تھے اور بیشتر افراد ماسک نہیں پہنے ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

انجین التان نے کہا کہ میں نے ان لوگوں سے بات کی اور کہا کہ کووڈ حقیقت میں موجود ہے اور اس کے نتیجے میں دنیا بھر میں اموات ہو رہی ہیں، تو ان لوگوں کا جواب تھا کہ یہ سب جھوٹ ہے، ان کی باتوں کو سن کر مجھے لگا کہ شاید یہ لوگ سچ کہہ رہے ہیں۔

اداکار نے پاکستان میں اپنے ساتھ پیش آنے والے ایک اور دلچسپ واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ ہوٹل کے کمرے میں سامان رکھ رہے تھے، اچانک بیس کے قریب افراد کمرے میں داخل ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ اتنے لوگوں کو دیکھ کر میں تھوڑا سا پریشان ہوگیا اور انہیں بتایا کہ یہ میرا کمرا ہے، لیکن انہوں نے جواب دیا کہ ہاں ہاں، ہمیں پتا ہے، ہم آپ سے محبت کرتے ہیں اور آپ کے ساتھ تصویر لینا چاہتے ہیں، وہ سب سماجی فاصلے کا کوئی خیال کیے بغیر اندر آگئے، جو میرے لیے انتہائی حیران کن تھا۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان میں مداحوں کا رویہ بہت ہی دلچسپ تھا، جیسے یہ سب کچھ ان کے لیے معمول کی بات ہو، پھر وہ کراچی کی ایک مشہور مسجد گئے جہاں امام صاحب سے گفتگو کر رہے تھے کہ اچانک لوگوں کو ان کے بارے میں پتا چل گیا اور فوراً تقریباً 4 ہزار افراد وہاں جمع ہوگئے۔اداکار کے مطابق امام صاحب نے انہیں مسجد کے اندر لے جا کر ان کی حفاظت کی، کیونکہ وہاں کوئی سیکیورٹی نہیں تھی۔انجین التان نے کہا کہ لوگ کافی دیر تک وہاں موجود رہے اور پھر مقامی گارڈز آکر انہیں وہاں سے لے کر گئے۔انہوں نے اپنے پاکستان کے دورے کو ایک یادگار تجربہ قرار دیا اور کہا کہ یہ وہ لمحے تھے جنہیں وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات