Live Updates

صدرمملکت اور وزیراعظم کی عیدالاضحی کے مبارک موقع پرعالم ِاسلام اور پوری پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد

جمعہ 6 جون 2025 21:56

صدرمملکت اور وزیراعظم کی عیدالاضحی کے مبارک موقع پرعالم ِاسلام اور ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2025ء) صدر مملکت آصف علی زر داری اور وزیراعظم محمد شہبازشریف نے عیدالاضحی کے مبارک موقع پرعالم ِاسلام اور پوری پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ حالیہ بھارتی حملے میں پوری قوم نے یکجان اور متحد ہو کر دشمن کو واضح پیغام دیا پاکستانی قوم اپنے دفاع اور وقار کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریگی،ہمیں اپنی داخلی مشکلات سے نمٹنے کے لیے مسلسل اتحاد اور عزم کا مظاہرہ کرنا ہو گا،ہمیں اپنی اقتصادی اور سماجی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے اپنے تمام وسائل کو یکجا کرنا ہو گا،ہمارا پیارا وطن پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، تو اس موقع پر ہمیں اپنی یکجہتی، قربانی اور ایثار کے جذبے کو اپنانا ہو گا، اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو صدر مملکت آصف علی زرداری نے عیدالاضحی کے مبارک موقع پرعالم ِاسلام اور پوری پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ایمان، قربانی، ایثار اور بھائی چارے کے جذبے کو ازسرِنوزندہ کرنے کا دن ہے ،عیدالاضحیٰ حضرت ابراہیم ؑاور حضرت اسماعیلؑ کی بے مثال اطاعت، قربانی اور تسلیم و رضا کی یاد تازہ کرتی ہے ،اللہ تعالیٰ کی اطاعت میں ہی ہماری انفرادی اور اجتماعی کامیابی مضمر ہے،دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس دن کو ہمارے ملک اور پوری امتِ مسلمہ کیلئے خیر، برکت، اتحاد اور خوشحالی کا ذریعہ بنائے۔

ایوان صدر میڈیا ونگ کی جانب سے جاری تہنیتی پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے عیدالاضحی کے مبارک موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم ِاسلام کو دلی مبارکباد پیش کی اور کہا یہ دن ہمارے ایمان، قربانی، ایثار اور بھائی چارے کے جذبے کو ازسرِنوزندہ کرنے کا دن ہے، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس دن کو ہمارے ملک اور پوری امتِ مسلمہ کے لیے خیر، برکت، اتحاد اور خوشحالی کا ذریعہ بنائے۔

صدر مملکت نے کہا کہ عیدالاضحی حضرت ابراہیم ؑاور حضرت اسماعیل ؑ کی بے مثال اطاعت، قربانی اور تسلیم و رضا کی یاد تازہ کرتی ہے،ان عظیم ہستیوں نے اللہ تعالیٰ کے حکم کے آگے سرِ تسلیم خم کرکے اطاعت، وفاداری، ایثار اور قربانی کی ایک روشن مثال قائم کی،یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اللہ کی رضا کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے اور اللہ تعالیٰ کی اطاعت میں ہی ہماری انفرادی اور اجتماعی کامیابی مضمر ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں حضرت ابراہیمؑ کے ایثار و قربانی کی روح سے سبق سیکھنے اور اسے اپنی زندگیوں میں اٴْتارنے کی ضرورت ہے، آج ہمیں معاشرے کے کمزور اور محروم طبقات کا سہارا بننے کی ضرورت ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ عید کے موقع پر قربانی کے ساتھ ساتھ ہمیں یہ عہد بھی کرنا چاہیے کہ ہم اپنے اطراف میں موجود ہر محتاج، بیمار،غریب اور مسکین فرد کا ہمیشہ خیال رکھیں گے، ہمیں اپنے رویّوں میں قربانی،محبت، بھائی چارے اور اتحاد کو فروغ دینا ہوگا، ہمیں بطور قوم ایک دوسرے کا سہارا بن کر، ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہو کر پاکستان کو ایک عظیم اور خوشحال ملک بنانا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ اس موقع پر پوری پاکستانی قوم کو اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ ہم بحیثیت ِقوم دلوں کو نفرت اور تعصب سے پاک کریں گیاور خلوصِ نیت سے ملک و ملت کی ترقی اور امتِ مسلمہ کی سربلندی کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔صدر مملکت نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہماری قربانیوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے، پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے اور ہمیں ایک متحد اور مضبوط قوم بننے کی توفیق عطا فرمائے۔

وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان نے عید الاضحی 1446ھ کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہاکہ میں عید الاضحی اور عظیم الشان اسلامی عبادت حج کے بابرکت موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوںنے کہاکہ یہ با برکت ایام ہمیں حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی بے مثال اطاعت، ایثار اور قربانی کی یاد دلاتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ ان عظیم ہستیوں کی اطاعت و قربانی کو رب ذوالجلال نے اس قدر پسند فرمایا کہ اسے تا قیامت امت محمدی ؐ کیلئے عبادت کا درجہ عطا فرما دیا۔انہوںنے کہاکہ اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ وہ پاکستانی قوم اور پوری امت مسلمہ کی عبادات اور قربانیوں کو اپنی بارگاہ میں شرف قبولیت عطا فرمائے، اور ہماری زندگیوں میں یہ برکتیں بار بار نازل فرمائے۔

آمین۔انہوںنے کہاکہ عید الاضحی کا پیغام صرف جانور کی قربانی تک محدود نہیں، بلکہ یہ اپنے نفس، خواہشات اور مفادات کو اعلیٰ مقاصد کے لیے قربان کرنے کا درس دیتا ہے۔انہوںنے کہاکہ قربانی کا یہی جذبہ انسان کو صبر، حوصلے، ایثار اور قربانی جیسے اوصاف سے مزین کرتا ہے، جو کسی بھی قوم کی ترقی کی بنیاد ہوتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ آج جب ہمارا پیارا وطن پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، تو اس موقع پر ہمیں اپنی یکجہتی، قربانی اور ایثار کے جذبے کو اپنانا ہو گا۔

انہوںنے کہاکہ عید الاضحی کا یہ بابرکت موقع ہمیں اس بات کی یاد دلاتا ہے کہ قربانی کا راستہ ہمیشہ کامیابی کی طرف جاتا ہے،جیسے حالیہ بھارتی حملے میں پوری قوم نے یک جان اور متحد ہو کر دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پاکستانی قوم اپنے دفاع اور وقار کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی، اسی طرح ہمیں اپنی داخلی مشکلات سے نمٹنے کے لیے مسلسل اتحاد اور عزم کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔

انہوںنے کہاکہ ہمیں اپنی اقتصادی اور سماجی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے اپنے تمام وسائل کو یکجا کرنا ہو گا تا کہ ہم اپنے ملک کو مضبوط، خوشحال اور خود کفیل بنا سکیں۔انہوںنے کہاکہ یہ عید ہمیں نہ صرف جان و مال کی قربانی کی اہمیت سکھاتی ہے، بلکہ یہ بھی بتاتی ہے کہ قومیں اس وقت عظمت کی منزل تک پہنچتی ہیں جب وہ فرد کی ترقی کے ساتھ ساتھ اجتماعی بھلائی و ایثار کے لیے کام کرتی ہیں۔

انہوںنے کہاکہ ہمیں آج کے دن خاص طور پر اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے جو ایک بے رحم اور غیر انسانی مظالم اور بھوک کا شکار ہیں۔اسی طرح، ہم بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہادر عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں، جن کی اپنے حق خودارادیت کے لیے عشروں سے منصفانہ اور بہادرانہ جدوجہد جاری ہے۔

ہم ہمیشہ ان کی آواز بنیں گے اور ان کی عظیم جدوجہد میں ان کا ساتھ دیں گے۔انہوںنے کہاکہ ہمیں اپنی نسلوں کے لیے ایک ایسے پاکستان کا عہد کرنا ہو گا جہاں محبت، بھائی چارہ، اور اتحاد کی فضا ہو، ہمیں اس عزم کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گاتاکہ پاکستان کو عالمی سطح پر ایک طاقتور اور کامیاب ملک کے طور پر اٴْبھرے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا خواب اسی وقت حقیقت بنے گا جب ہم ذاتی مفادات سے بالا تر ہو کر قومی مفاد کو ترجیح دیں گے۔

انہوںنے کہاکہ عید الاضحی کا یہ پیغام ہمیں اس بات کی ترغیب دیتا ہے کہ ہم اپنی ذاتی خواہشات اور مفادات سے بلند ہو کر صرف اور صرف اپنے وطن کی فلاح و بہبود کے لیے سوچیں اور عمل کریں۔یقیناً یہی جذبہ اور اتحاد پاکستان کی تقدیر بدل سکتا ہے۔انہوںنے کہاکہ میری اللہ تعالی سے میری دٴْعا ہے کہ وہ ہمیں عید الاضحی کی حقیقی خوشیوں سے بہرہ مند فرمائے، اور ہمیں ایثار و قربانی کی اصل روح کے مطابق عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات