Live Updates

قائم مقام اسپیکر قومی اسمبلی کی امت مسلمہ اور پاکستانی قوم کو عید الاضحٰی کی مبارکباد

جمعہ 6 جون 2025 23:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2025ء) قائم مقام اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے عید الاضحٰی کے پُرمسرت موقع پر امت مسلمہ، خصوصاً پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید الاضحٰی ہمیں خلوص، وفاداری، ایثار اور اطاعتِ الٰہی کا سبق دیتی ہے۔اپنے پیغام میں قائم مقام اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عید الاضحٰی کی اصل روح قربانی کی وہ نیت اور جذبہ ہے جو ہمیں دوسروں کے لیے جینا سکھاتا ہے۔

عید کے اس مبارک موقع پر قرب و جوار میں موجود مستحق، نادار اور ضرورت مند افراد کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عید کی حقیقی خوشی تب ہی حاصل ہوتی ہے جب ہم دوسروں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر سکیں۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں عید کی خوشیوں میں اپنے ان بھائیوں کو نہیں بھولنا چاہیے جو ظلم و ستم کا شکار ہیں،پوری امتِ مسلمہ پر لازم ہے کہ وہ ان مظلوموں کے لیے نہ صرف دعاگو رہیں بلکہ ہر ممکن طریقے سے ان کے حق میں آواز بلند کریں۔

(جاری ہے)

قائم مقام اسپیکر نے پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ عیدِ قرباں کے موقع پر صفائی ستھرائی اور حفظانِ صحت کے اصولوں کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ صحتِ عامہ کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور ماحول کی صفائی و شفافیت برقرار رہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام مسلمانوں کی عبادات اور قربانیاں اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے، پاکستان کو ترقی، امن اور استحکام عطا کرے اور ہمیں اپنی اجتماعی و انفرادی ذمہ داریوں کو سمجھنے اور نبھانے کی توفیق دے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات