Live Updates

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی عید الاضحٰی کے موقع پر قوم کو مبارکباد

پیر 9 جون 2025 09:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2025ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے امت مسلمہ سمیت قوم کو عیدالاضحٰی کی تہہ دل سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ، سنتِ ابراہیمی کی پیروی اور اطاعتِ الٰہی کا عظیم مظہر ہے، جو ہمیں قربانی اور ایثار کا درس دیتا ہے۔ وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت ابراہیمؑ و حضرت اسماعیلؑ کی قربانی اطاعت، صبر اور ایثار کی لازوال مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ عید قربان، اللہ کی رضا کے لیے سب کچھ قربان کر دینے اور نفس کی خواہشات کو زیر کرنے کا دن ہے۔عید کا دن خوشی کا دن ہے، نفرتیں ختم کر کے محبتیں بانٹیں۔محسن نقوی نے کہا کہ قربانی کا مقصد صرف جانور ذبح کرنا نہیں بلکہ اپنی ذاتی خواہشات و مفادات کی قربانی ہی اصل روحِ عبادت ہے،پاکستان کی خاطر بھی ذاتیات کو اسی طرح قربان کرنا ہو گا جس طرح آپریشن معرکہ حق کے دوران قوم نے کیا اور سیسہ پلائی دیوار بن کر شاندار فتح حاصل کی،مسلح افواج کے ساتھ مثالی اتحاد اور غیر معمولی یکجہتی کا جو مظاہرہ قوم نے 10 مئی کیا وہ ہماری تاریخ کا روشن باب ہے۔

(جاری ہے)

محسن نقوی نے کہا کہ مادرِ وطن کے محافظوں۔ شہداء اور ان کے خاندانوں کو عید کی خوشیوں میں یاد رکھنا ہمارا قومی فریضہ ہے،شہدائے وطن کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک کے دفاع اور قیام امن کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ محسن نقوی نے یتیم اور غریبوں کی مدد کریں ۔ اپنی خوشیوں میں شریک کریں اور اللہ تعالٰی کو راضی کریں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم بھائی و بہنیں ہماری دعاؤں اور پ جذبۂ اخوت کا مرکز ہیں، وہ آج بھی قربانی کی اصل تصویر ہیں۔

فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بہن، بھائیوں کو یاد رکھیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ اللہ سے دعا ہے کہ یہ عید امت مسلمہ کے لیے رحمت، برکت اور امن کا پیغام ہو اور ہم سب کو قربانی کی اصل روح سمجھنے کی توفیق عطا ہو۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات