Live Updates

مقبوضہ کشمیر، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، پاکستانی پرچم اور J-10Cلڑاکا طیاروں والے پوسٹرچسپاں

آپریشن بنیان مرصوص کے عنوان سے پوسٹر بانڈی پورہ سمیت متعددمقامات پردیواروں، کھمبوں اور عوامی مقامت پر چسپاں کئے گئے ہیں

پیر 9 جون 2025 13:10

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2025ء)بھارت کے غیر قانونی طور پر زیرقبضہ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، پاکستانی پرچم اور J-10Cلڑاکا طیاروں کی تصاویروالے پوسٹرچسپاں کئے گئے ہیں۔پوسٹروں پربھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے منہ توڑ جواب کی تعریف کی گئی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، آپریشن بنیان مرصوص کے عنوان سے پوسٹر بانڈی پورہ سمیت متعددمقامات پردیواروں، کھمبوں اور عوامی مقامت پر چسپاں کئے گئے ہیں ۔

پوسٹروں میں کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت پر پاکستان کی مسلح افواج کی تعریف کی گئی ہے۔پوسٹروں پر درج پیغامات میں کہاگیاہے کہ بھارتی جارحیت پر پاکستان کے منہ توڑ جواب نے کشمیریوں کے دل جیت لیے ہیں اور پاکستان کی مسلح افواج تعریف کی مستحق ہے۔

(جاری ہے)

پوسٹروں پر پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کو اجاگر کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس نے بھارت کی فوجی بالادستی کے نام نہاد دعوئوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔

پوسٹروں میںزور دیاگیا ہے کہ کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔پوسٹروں میں بھارت کے حکمران بی جے پی اورآر ایس ایس کے اتحاد کو اس کے "فرقہ وارانہ اور توسیع پسندانہ" ایجنڈے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیاہے اورجنوبی ایشیا میں توازن بحال کرنے پر پاکستان کی تعریف کی گئی ہے۔پوسٹروں کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز فیس بک اور ٹویٹر پر بھی شیئر کیاگیا ہے ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات