عوام قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اور باقیات ٹاؤن کی مختص کردہ جگہوں پر ڈالیں،چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن

پیر 9 جون 2025 17:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2025ء) عیدالاضحی کے دوسرے روز نیو کراچی ٹاؤن میں آلائش آپریشن جاری ہے ۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کا وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ مختلف علاقوںکا دورہ ۔عید الضحیٰ کے موقع پرسندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی جانب سے صفائی ستھرائی کے کام غیر تسلی بخش ہیں چیئرمین نیو کراچی ٹاون محمد یوسف نے عوام کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کے ادارے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈکی کارکردگی گزشتہ دو دن سے غیر تسلی بخش ہے صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال کی وجہ وہیکل اور افرادی قوت کی کمی ہے۔

نیو کراچی ٹاؤن کی انتظامیہ اپنے وسائل استعمال کرکے عوام کوبھر پور ریلف فراہم کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔

(جاری ہے)

اس صورتحال میں میئر کراچی مرتضیٰ وھاب سے کہنا چاہتا ہوں کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا معاہدہ کس نے کیا اور معاہدے کے مطابق یہ اپنا کام پورا کیوں نہیں کررہے ہیں نیو کراچی ٹاؤن کی عوام صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال ،بجلی کی لوڈشیڈنگ اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی نااہلی نے عوام کو سخت پریشان کیا ہوا ہے ،انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کی عوام کو اس وقت ریلیف کی ضرورت ہے کیونکہ یہ ادارے ہمیشہ کی طرح اپنی کاکردگی دیکھانے میں ناکام رہے ہیں، میں مرتضیٰ وھاب درخواست کرتا ہوں کہ خدارا کراچی کی عوام کو جینے دیا جائے اور ان کی بنیادی بلدیاتی ضروریات کو وقت پر پورا کیا جائے تاکہ عوام صاف ستھرے ماحول میں زندگی گزار سکیں۔

ٹاؤن چیئرمین نے نیو کراچی صبا چورنگی پرقائم کلکشن پوائنٹ پر آلائش آپریشن کا جائزہ لیا اور متعلقہ محکمے کوبروقت آلائشوں کو اُٹھاکر ڈمپنگ پوائنٹ منتقل کرنے کے احکامات دیئے ۔ٹاؤن چیئرمین محمد یوسف نے نیو کراچی ٹاؤن میں آلائش آپریشن کے ساتھ ساتھ صفائی ستھرائی کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ عملے کو صفائی کے مسائل فوری حل کرنے کے احکامات دیئے ۔

چیئرمین محمد یوسف نے عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اور باقیات ٹاؤن کی مختص کردہ جگہوں پر ڈالیںتاکہ متعلقہ محکمے کا عملہ باآسانی آلائشوں کو علاقوں سے اُٹھاکر فوری لینڈ فل سائٹ جام چاکرو منتقل کیا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ آلائش آپریشن کے ساتھ چونے کا چھڑکاؤ بھی کیا جا رہا ہے تاکہ جراثیم کا خاتمہ ہوسکے اور عوام کو خوشگوار اور صحت مند ماحول کی فراہمی ممکن ہو ۔

واضح رہے کہ ڈمپر اور لوڈر کی مدد سے آلائشوں کوآبادی سے دور جام چاکرو ،گوندل پاس لینڈ فل سائیڈپر منتقل کرکے دفن کیا جارہا ہے تاکہ نیو کراچی میں کسی قسم کا تعفن نا پھیلے ،نیو کراچی ٹاؤن کی انتظامیہ علاقوں میں چونے کے چھڑکاؤ کے ساتھ مسلسل جراثیم کُش ادویات کا اسپرے کررہی ہے ، منتخب بلدیاتی نمائندے اور نیو کراچی ٹاؤن کے افسران عوامی شکایات کو حل کرنے میں مصروف ہیں ۔