عید پر جانوروں کی فروخت میں مزید 30 فیصد کمی ہو جانے کا انکشاف

عید الاضحٰی 2025 کا سیزن ممکنہ طور پر پاکستان کی 78 سالہ تاریخ کا بدترین سیزن قرار

muhammad ali محمد علی پیر 9 جون 2025 18:45

عید پر جانوروں کی فروخت میں مزید 30 فیصد کمی ہو جانے کا انکشاف
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جون2025ء) عید پر جانوروں کی فروخت میں مزید 30 فیصد کمی ہو جانے کا انکشاف، عید الاضحٰی 2025 کا سیزن ممکنہ طور پر پاکستان کی 78 سالہ تاریخ کا بدترین سیزن قرار۔ تفصیلات کے مطابق عید الاضحٰی 2025 کے موقع پر جانوروں کی خرید و فروخت کے اعداد و شمار سے متعلق مشیر خزانہ خیبرپختونخواہ کی جانب سے تشویش ناک انکشاف کیا گیا ہے۔

مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ عید پر جانوروں کی فروخت میں 30 فیصد کمی ہوئی ہے، جو صاف ظاہر کرتی ہے کہ ملک کی معیشت کساد بازاری کا شکار ہے۔ یہ کمی پاکستان کی 78 سالہ تاریخ میں بدترین ہو سکتی ہے۔ عیدالاضحی کے موقع پر پہلی بار 30فیصد مال مویشی کراچی سے واپس چلے گئے اور کراچی جیسے بڑے شہر کا یہی حال تھا تو باقی شہروں کا اندازہ آپ لوگ خود لگا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق عید کے تیسرے روز شہر قائد میں عیدالاضحی کی مناسبت سے لائے گئے جانوروں کی قیمتوں میں تقریبا 50 فیصد کمی دیکھنے میں آئی تاہم اس کے باوجود خریداروں کی کمی کے باعث منڈیوں میں ویرانی چھائی رہی۔ بیوپاریوں نے عید کے تیسرے دن میں جانوروں کے ریٹ 50 فیصد تک گرا دیے، تاہم منڈی میں سناٹا چھایا رہا۔ منڈی میں جانوروں کی قیمتوں میں 50 فیصد کمی کے باوجود ویرانی نظر آ رہی اور زیادہ تر بیوپاری اپنے جانور بیچ کر آبائی علاقوں کو روانہ ہو گئے۔

دوسری جانب عیدالاضحی کے موقع پر پنجاب کی 292 مویشی منڈیوں میں لائے گئے 15 لاکھ میں سی11 لاکھ سے زائد جانور فروخت ہوئے۔ محکمہ بلدیات نے 9 ڈویڑنز کی مویشی منڈیوں کے اعداد وشمار جاری کر دئیے ہیں۔ لاہور میں 4 لاکھ 43 ہزار چھوٹے اور 2 لاکھ 22 ہزار بڑے جانور فروخت کیے گئے۔فیصل آباد میں ایک لاکھ 12 ہزار جانور لائے گئے جن میں سے 88 ہزار فروخت ہوئے، اسی طرح راولپنڈی میں 84 ہزار جانور لائے گئے ،جن میں سے 46 ہزار فروخت ہوگئے۔