پاکستان کو رانا نعیم جیسے جدید ہاکی فہم رکھنے والے کوچز کی ضرورت ہے، مشیرِ وزیراعظم

عوام اور شائقین ایک بار پھر قومی ٹیم کو فتح کے اسٹینڈ پر دیکھنا چاہتے ہیں،پاکستانی ہاکی کی بحالی کا دارومدار جدید ٹیکنیک اپنانے پر ہے، رانا ثنااللہ

پیر 9 جون 2025 22:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2025ء)مشیرِ وزیراعظم رانا ثنااللہ خاں نے کہا ہے کہ پاکستان کو رانا نعیم جیسے جدید ہاکی کو سمجھنے والے باصلاحیت کوچز کی اشد ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یورپین ہاکی لیگ چیمپئن انڈر-14 اور سینئر کوچ رانا نعیم اور ان کے بھائی محمد اشفاق المعروف "چاچو" سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

رانا ثنااللہ نے کہا کہ پاکستانی ہاکی کی بہتری اور سنہری دور کی واپسی اسی صورت ممکن ہے جب ہم ہاکی میں عالمی سطح کی جدید تکنیک اور تربیتی انداز کو اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ رانا نعیم اس معیار پر پورا اترتے ہیں اور انشااللہ جلد ہی انہیں ایک اہم ذمہ داری سونپی جائے گی۔مشیر وزیراعظم نے رانا نعیم کو ان کی شاندار کارکردگی پر مبارکباد دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی عوام اور شائقین ایک بار پھر قومی ٹیم کو فتح کے اسٹینڈ پر دیکھنا چاہتے ہیں۔اس موقع پر محمد اشفاق چاچو نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے بھائی رانا نعیم کی کارکردگی پر فخر ہے اور دعا گو ہیں کہ وہ ملک کا نام مزید روشن کریں۔