Live Updates

پی آئی اے کے آپریٹنگ منافع میں مسلسل دو سال سے اضافہ، یورپ کے لئے پروازوں کی بحالی سے کارکردگی میں بہتری آئی ، اقتصادی سروے

پیر 9 جون 2025 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2025ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے پیر کو پیش کیے گئے اقتصادی سروے 2024-25 میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے)کی مالی بہتری پر نمایاںروشنی ڈالی۔ اقتصادی کے مطابق، پی آئی اے نے 2024 میں 9.3 ارب روپے کا آپریٹنگ منافع حاصل کیا، جو 2023 کے 3.9 ارب روپے کے منافع کے مقابلے میں دوگنا سے زائد رہا۔

یہ ایئر لائن کا دوسرا مسلسل سال ہے جب اس نے آپریشنل منافع کمایا، جو اسٹریٹجک اصلاحاتی منصوبے کے تحت پیشرفت کو ظاہر کرتا ہے۔ پی آئی اے کی مالی کارکردگی میں بہتری اس کے باوجود سامنے آئی ہے کہ کئی اہم آپریشنل اشاریوں میں کمی دیکھی گئی۔2024 میں مسافروں کی تعداد3.9 ملین رہی، جو 2023 میں 4.5 ملین تھی۔ اسی طرح، پرواز کے اوقات82,043 سے کم ہو کر 90,067 رہ گئے، جبکہ کلومیٹرز کی تعداد 51.98 ملین سے گھٹ کر 57.12 ملین رہ گئی۔

(جاری ہے)

مسافروں کا تناسب بھی 81.8 فیصد پر آ گیا، جو پچھلے سال 83.3 فیصد تھا۔ تاہم، کارکردگی کا ایک اہم اشاریہ ریوینیو لوڈ فیکٹر64.4 فیصد تک بہتر ہوا، جو 2023 میں 60.9 فیصد اور 2020 میں 51.3 فیصد تھا۔ 2024 میں ہوائی جہازوں کی تعداد 33 تک بڑھ گئی، جبکہ راستوں کی لمبائی 593,063 کلومیٹر تک پہنچ گئی، جو پچھلے سال کے مقابلے میں تقریبا دوگنی ہے۔ پی آئی اے کے آپریٹنگ ریوینیو میں کمی آئی، جو 2024 میں 204.16 ارب روپے رہا، جبکہ 2023 میں یہ 238.51 ارب روپے تھا۔

اخراجات 194.81 ارب روپے پر آ گئے، جو پچھلے سال 235.32 ارب روپے تھے۔ سال کا ایک اہم کارنامہ یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کے آڈٹ میں کامیابی تھی، جس کے بعد پی آئی اے کو یورپ میں پروازیں بحال کرنے کی اجازت مل گئی۔ ایئر لائن جنوری 2025 میں پیرس کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرنے اور نئے انٹرلائن معاہدوں کے ذریعے یورپ اور برطانیہ کے 21 مقامات تک رسائی بڑھانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔

2024 کے دیگر اہم واقعات میں نئے ڈیزائن کردہ ویب سائٹس اور ڈیجیٹل بکنگ ٹولز کا اجرا۔ ویگو اور گوگل فلائٹس جیسے عالمی پلیٹ فارمز کے ساتھ انضمام۔ ایئر فرانس۔کے ایل ایم اور الاسکا ایئر جیسی ایئر لائنز کے ساتھ نئے شراکت داری معاہدے۔ ایوی ایشن آپریشنز کو غیر اہم کاروباروں سے الگ کرنا۔ آپریشنل اصلاحات کے تحت ملازمین کی تعداد 7,800 سے کم ہو کر 6,900 رہ گئی۔ اقتصادی سروے میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کے روٹس کو بہتر بنانے، اخراجات میں کمی اور ڈیجیٹل و بین الاقوامی شراکت داریوں پر توجہ مرکوز کرنے کی حکمت عملی نے اسے طویل مدتی بحالی کے لیے تیار کیا ہے، اگرچہ آپریشنل چیلنجز اب بھی موجود ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات