جعلی خبروں کی بھرمار‘ بھارتی میڈیا کی ساکھ بین الاقوامی سطح پر شدید متاثر

مودی سرکار میں بھارتی صحافت سیاسی ایجنڈوں کی تابع ہو چکی ہے اور بھارت میں آزاد میڈیا کا تصور دھندلا گیا ہے‘عرب ٹائمز

منگل 10 جون 2025 13:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2025ء)بھارتی میڈیا کی جانب سے جعلی خبریں پھیلانے کے بعد بین الاقوامی سطح پر انڈین میڈیا کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی ہے۔عرب ٹائمز آن لائن کے مطابق بھارتی میڈیا اس وقت اعتماد کے معاملے میں شدید بحران کا شکار ہے، وہاں صحافتی معیار انتہائی گر چکا ہے۔بھارت میں قوم پرستی کے عروج نے بھارتی میڈیا کو جھوٹ اور سنسنی خیزی کی طرف دھکیل دیا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی چینلز نے جعلی فوٹیج اور ویڈیو گیمز سے فوجی فتوحات کی جھوٹی خبریں نشر کیں۔ بھارتی میڈیا پر حکومتی بیانیہ اجاگر کرنے اور مخالف آوازوں کو دبانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔عرب ٹائمز آن لائن کے مطابق بھارت میں پریس فریڈم خطرے میں ہے۔ میڈیا کی ساکھ عالمی سطح پر داؤ پر لگ چکی ہے۔ عوام کو گمراہ کرنے کے لیے جعلی خبروں نے بھارتی میڈیا کی ناکامی کو بے نقاب کردیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عالمی مبصرین اور مقامی صحافیوں میں تشویش کی لہر دوڑ رہی ہے۔ بھارتی میڈیا جمہوریت کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔مودی سرکار میں بھارتی صحافت سیاسی ایجنڈوں کی تابع ہو چکی ہے اور بھارت میں آزاد میڈیا کا تصور دھندلا گیا ہے۔