Live Updates

تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں احتجاج کی تیاری مکمل کرلی

پی ٹی آئی کی جانب سے بجٹ کے خلاف مؤثر احتجاج کی منصوبہ بندی، پارٹی کی سینئر قیادت اور ارکان پارلیمنٹ کو اجلاس میں شرکت کی ہدایت جاری کردی گئیں

Sajid Ali ساجد علی منگل 10 جون 2025 13:22

تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں احتجاج کی تیاری مکمل کرلی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جون 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں احتجاج کی تیاری مکمل کرلی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے آج قومی اسمبلی میں بجٹ پیش ہونے کے موقع پر احتجاج کی تیاری مکمل کرلی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے بجٹ کے خلاف مؤثر احتجاج کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، اجلاس میں پارٹی کی سینئر قیادت اور ارکان پارلیمنٹ کو شرکت کی ہدایت جاری کر دی گئی ہیں، پارلیمنٹ کے اندر بھرپور آواز اٹھانے کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر بھی ممکنہ طور پر احتجاج کیا جائے گا۔

چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی اس بجٹ کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی، بجٹ میں مہنگائی کے خاتمے اور کفایت شعاری کا کوئی خاکہ موجود نہیں ہے، معاشی اصلاحات کے لیے بھی حکومت نے کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا، ملک کی معیشت پہلے ہی نازک صورتحال کا شکار ہے، موجودہ حکومت کی پیش کردہ مالی پالیسیوں میں بہتری کا کوئی راستہ دکھائی نہیں دیتا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس آج طلب کرلیے گئے ہیں، پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بجٹ پیش کیا جائے گا، قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس کا ایجنڈا جاری کر دیا گیا، وفاقی وزیر خزانہ آئندہ مالی سال کا 17 ہزار 600 ارب روپے کا وفاقی بجٹ پیش کریں گے، سپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس آج شام 5 بجے ہوگا، قومی اسمبلی کے اجلاس کا 4 نکاتی ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ وزیر خزانہ محاصل سمیت دیگر دستاویزات قومی اسمبلی میں پیش کریں گے، قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کرنے سے قبل شام 4 بجے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس ہوگا جس میں بجٹ مسودے اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں و پنشن میں اضافے کی منظوری دی جائے گی جب کہ سینیٹ کا اجلاس آج شام 6 بجے ہوگا وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ایوان بالا میں بھی آج ہی بجٹ پیش کریں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات