Live Updates

سول سوسائٹی کے ارکان کا اقوام متحدہ، او آئی سی سے تنازعہ کشمیر کی طرف فوری توجہ دینے کا مطالبہ

منگل 10 جون 2025 13:52

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں سول سوسائٹی کے ارکان نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل حسین براہیم طحہ پر زوردیا ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر اور مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں اور پابندیوںکی طرف فوری توجہ دیں۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سول سوسائٹی کے ارکان ڈاکٹر زبیر احمد راجہ، محمد فرقان، محمد اقبال شاہین اور سید حیدر حسین نے سرینگر میں ایک اجلاس میں کہا کہ بی جے پی حکومت نے مقبوضہ علاقے میں مظلوم عوام کے تمام سیاسی اور قانونی حقوق سلب کر رکھے ہیں اورآزادی پسند رہنمائوں، کارکنوں، صحافیوں اور بھارتی حکومت کی ظالمانہ اورکشمیر دشمن پالیسیوں پر تنقید کرنے والوں کو خاص طورپر نشانہ بنا یا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کہا گیا کہ نئی دہلی کے مسلط کردہ لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا کی زیر قیادت قابض انتظامیہ بھارتی فوج، پولیس اور ایجنسیوں کو استعمال کرکے گھروں پر چھاپے ماررہی ہے اور عام لوگوں سے پوچھ گچھ کررہی ہے اوراس نے سینکڑوں سیاسی کارکنوں کے خلاف کئی دہائیوں پرانے مقدمات کو دوبارہ کھول دیا ہے۔ سیاسی کارکنوں کو اکثرتھانوں میں بلایا اور ہراساں کیا جاتا ہے، ان کی توہین کی جاتی ہے اور عدالتوں کے چکر لگوائے جاتے ہیں۔

اجلاس میں کہاگیاکہ کشمیری سیاسی رہنمائوں اور کارکنوں کو بلاجوازگرفتارکرنا ،انہیں کالے قوانین کے تحت نظر بند کرنا اور عدالتوںمیں پیش کیے بغیر سڑنے کے لئے جیلوں اور تفتیشی مراکز میں چھوڑدینا، مقدمات میں دفاع کے بنیادی حق سے محروم کرنا، جھوٹے اور من گھڑت مقدمات میں عمر قید اورموت جیسی سزائیں دلوانا اور پرانے مقدمات کوجن میں یہ پہلے ہی بری ہوچکے ہیں ، دوبارہ کھولنا ایک معمول بن چکا ہے۔

اجلاس میں اقوام متحدہ اور او آئی سی سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں سیاسی اختلاف رائے کو کچلنے کے لیے ریاستی جبر اورکشمیری رہنمائوں اور کارکنوں کو سزا دلوانے کے لیے عدلیہ کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے سے روکنے کے لئے بھارت کے خلاف فوری اور فیصلہ کن کارروائی کریں۔ اجلاس میں کہاگیا کہ کشمیری اپنے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے جن کی ضمانت انہیں اقوام متحدہ نے دے رکھی ہے ، پرامن جدوجہد کر رہے ہیں ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات