اگنی ویر اسکیم ناکام، بھارتی نوجوانوں میں مایوسی پھیل گئی

آکاش دیپ سنگھ جو ڈیوٹی پر شہید ہوئے، کو شہید کا درجہ نہیں دیا، ان کے خاندان نے احتجاجاً ان کی راکھ بہانے سے انکار کر دیا

منگل 10 جون 2025 16:44

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جون2025ء) بھارت میں اگنی ویر اسکیم کے تحت فوج میں شامل ہونے والے نوجوانوں میں شدید مایوسی پھیل گئی ہے۔ آکاش دیپ سنگھ جو ڈیوٹی کے دوران گولی لگنے سے شہید ہوئے، کو فوج نے شہید کا درجہ نہیں دیا، جس پر ان کے خاندان نے احتجاجاً ان کی راکھ بہانے سے انکار کر دیا۔ تین ہفتے گزرنے کے باوجود آکاش دیپ کی راکھ گھر میں محفوظ رکھی گئی ہے اور خاندان کا احتجاج جاری ہے۔

والد بلوندر سنگھ کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے نے ملک کی خاطر جان دی، لہٰذا انہیں شہید کا درجہ دیا جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

آکاش دیپ کے خاندان نے حکومت سے انصاف کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ جب تک انصاف نہیں ملتا، راکھ نہیں بہائیں گے۔ چھوٹے بھائی جو فوجی بننے کا خواب دیکھتا تھا، بڑے بھائی کی لاوارث موت کی وجہ سے مایوس ہو چکا ہے۔ یہ واقعہ بھارتی فوج کی اگنی پتھ اسکیم میں شامل سکھ فوجیوں کے ساتھ تعصب اور ناانصافی کی عکاسی کرتا ہے۔ سوشل میڈیا پر اگنی ویر اسکیم کے خلاف آوازیں بلند ہو رہی ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ چار سالہ سروس مکمل کرنے والے اہلکاروں کو ہی شہادت کا درجہ دیا جاتا ہے، جبکہ شارٹ ٹرم بھرتی ہونے والے اہلکاروں کو مکمل مراعات نہیں ملتی۔