Live Updates

جماعت اہلسنت پاکستان کراچی کے وفد کی قادری ہائوس آمد، ملکی مسائل اہم ایشوز اور اتحاد اہلسنت پر تبادلہ

دشمنان اسلام ہمیں کمزور کرنے کیلئے سازشیں کر رہے ہیں،سید رفیق شاہ، اپنے آباء و اجداد کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے،ثروت اعجاز قادری

منگل 10 جون 2025 20:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2025ء) جماعت اہلسنت پاکستان کراچی کے وفد کی قادری ہاس آمد۔وفد نے چیئرمین پاکستان سنی تحریک انجینیئر محمد ثروت اعجاز قادری سے ناظم اعلی جماعت اہلسنت پاکستان کراچی سید رفیق شاہ کی قیادت میں ملاقات کی۔ملاقات کے لیے آنے والے وفد میں علامہ شوکت حسین سیالوی نائب ناظم جماعت اہلسنت پاکستان کراچی،علامہ مولانا محمد جمیل امینی سیکرٹری اطلاعات جماعت اہلسنت پاکستان کراچی،مفتی محمد فرقان شامی امیر جماعت اہلسنت پاکستان ضلع کورنگی،مفتی محمد فیصل رشید ناظم جماعت اہلسنت پاکستان ضلع سنٹرل،اسد جواد شیروانی چیف آرگنائزر جماعت اہلسنت پاکستان ضلع سینٹرل مدنی رضا شامل تھے،جبکہ اس موقع پر مرکزی کوآرڈینیٹر پاکستان سنی تحریک محمد طیب حسین قادری اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات کے موقع پر ملک کے موجودہ مسائل اہم ایشوز اور اتحاد اہلسنت پر تبادلہ کیا گیا۔وفد نے ثروت اعجاز قادری کو پاکستان سنی تحریک کا چیئرمین بننے پر مبارکباد پیش کی۔ثروت اعجاز قادری نے شاہ عبدالحق کو بھی منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔پاکستان سنی تحریک اور اہلسنت پاکستان نے اتحاد اہلسنت کے وسیع تر مفاد کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم کیا۔

ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان سنی تحریک کے چیئرمین انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ اپنے آبا اجداد کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔جس سوچ نظریہ کی بنیاد پر اس ملک کو بنایا گیا تھا اتحاد اہلسنت اسی پر عمل پیرا ہے۔اہلسنت نے ہمیشہ ملک و قوم کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ہماری آنے والی نسلیں ہمارے آبا اجداد کی ان قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گی۔

پاکستان سنی تحریک ہمیشہ ملک دشمن عناصر کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی رہی ہے۔دشمن ہمیشہ سے ہمیں اپنے راستے کا کانٹا سمجھتا تھا اسی لیے ہمارے قائدین کے ساتھ ساتھ پوری قیادت کو شہید کیا گیا۔اتحاد اہلسنت کی سربلندی کے علم کی سربلندی کے لیے پاکستان سنی تحریک صف اول میں ہمیشہ نظر آئے گی۔ملک کے حالات بہتر کرنے کے لیے ہم سب کو مشترکہ جدوجہد کرنی ہوگی۔

ناظم اعلی جماعت اہلسنت پاکستان کراچی سید رفیق شاہ نے دوران گفتگو کہا کہ دشمنان اسلام ہمیں کمزور کرنے کے لیے سازشیں کر رہے ہیں۔جب تک ہمارے جسم میں خون کا ایک قطرہ بھی باقی ہے ہم ان سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔اسلام دشمن عناصر نے توہین رسالت توہین صحابہ اہلبیت کر کے ہمارے جذبات مجروح کیا مگر ہم نے امن و امان کو کنٹرول میں رکھتے ہوئے ان تمام چیزوں کی نشاندہی حکومت وقت اور متعلقہ اداروں کو کی۔اہلسنت کو ہمیشہ دیوار سے لگانے کی بھی سازشیں کی گئیں آج اہلسنت ملک بھر میں ایک توانا پیڑ کی طرح کھڑا ہے اور سب کو سایہ فراہم کر رہا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات