Live Updates

شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے،یعقوب شریف گل

ْقوموں کے اصل ہیرو وہ ہوتے ہیں جو قربانی دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کرتے ہیں، الیاس شیرا

منگل 10 جون 2025 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2025ء) منارٹیز پیپلز الائنس پاکستان کے زیر اہتمام ایک روح پرور اور بامقصد تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مسیحی برادری کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ یہ تقریب پاکستان کی اقلیتی برادری کے اُن جانباز سپوتوں کے لیے وقف تھی جنہوں نے مذہب، انصاف، امن اور مادرِ وطن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

تقریب کی صدارت منارٹیز پیپلز الائنس پاکستان کے بانی و چیئرمین یعقوب شریف گل نے کی، جنہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم اپنے شہداء اور اُن کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ یہ قربانیاں ہماری تاریخ کا سنہری باب ہیں، اور نئی نسل کو اُن کے مشن سے جوڑنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔''یعقوب گل نے بشپ جان جوزف شہید، شہباز بھٹی شہید اور پاک فوج کے اُن مسیحی شہداء کو بھرپور انداز میں یاد کیا جنہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ اور قومی خدمت میں جان قربان کی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ عیسیٰ نگری کے تین شہداء کو بھی سلامِ عقیدت پیش کیا گیا، اور ان کے مزارات پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔تقریب کے چیف پیٹرن، سینئر رہنما سلیم خورشید کھوکھر نے برطانیہ سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میں منتظمین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے شہداء کو یاد رکھنے کے لیے اس بابرکت پروگرام کا انعقاد کیا۔ ہم شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعاگو ہیں۔

''چیف گیسٹ الیاس شیرا نے اپنے خطاب میں کہا کہ ''قوموں کے اصل ہیرو وہ ہوتے ہیں جو قربانی دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کرتے ہیں۔ ان عظیم ہستیوں کو یاد رکھنا اور نئی نسل کو ان کے بارے میں آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔''چیف آرگنائزر ریاست شاہد نے کہا کہ ''پاک فوج میں خدمات انجام دینے والے ہمارے مسیحی شہداء ملک و قوم کے لیے ایک فخر ہیں۔ اُن کی قربانیاں ہماری تاریخ کا روشن باب ہیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

''تقریب میں پاسٹر میکا لارنس نے بھی خصوصی دعا اور خطاب کے ذریعے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا، جبکہ صدر کراچی ڈویژن اقبال خورشید نے کہا کہ:''یہ سفر یہیں نہیں رکے گا، ہم آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ ایسے پروگرام منعقد کرتے رہیں گے تاکہ ہمارے نوجوان اپنی جڑوں سے جُڑے رہیں۔''پروگرام میں دعائیہ لمحات اور روحانی پیغامات کی قیادت مدر حاجرا، صبا ارم ریاست، پاسٹر عرفان (آرگنائزر کراچی ڈویژن)، اور پاسٹر یونس مسیح (آرگنائزر ایوب گوٹھ) نے کی۔

انہوں نے امن، ہم آہنگی اور شہداء کی قربانیوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔صدر عیسیٰ نگری منور لیاقت اور صدر یوتھ ونگ سندھ عدنان رومی گل نے پروگرام کے تمام انتظامات کی نگرانی کی، جبکہ تقریب میں مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات نے بھرپور شرکت کی، جو شہداء کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور عقیدت کی علامت تھی۔یہ پر وقار اور روحانی تقریب منارٹیز پیپلز الائنس پاکستان کی جانب سے منعقد کی گئی، جس کا مقصد شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور اقلیتی برادری میں احساسِ فخر و یکجہتی کو فروغ دینا تھا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات