سوات، شاہ ڈھیرئی میں باراتیوں کو حادثہ، دو جاں بحق، 20سے زائد زخمی

منگل 10 جون 2025 20:45

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2025ء)ضلع سوات کی تحصیل کبل کے علاقے املوک تل شاہ ڈھیرئی میں باراتیوں سے بھری فلائنگ کوچ گہری کھائی میں گرنے سے بچی سمیت 2 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں ۔حادثہ اس وقت پیش آیا جب شادی میں شرکت کے لیے جانے والی گاڑی پہاڑی میں موڑ کاٹتے ہوئے ڈرئیور سے بے قابو ہوکر کھائی میں گرگئی ۔

ریسکیو کبل اسٹیشن کے انچارج وقاراحمد کے مطابق حادثے میں تینتالیس سالہ بلال خان سکنہ گودا اور ایک کمسن بچی خدیجہ موقع پر ہی جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ گاڑی میں سوار دیگر بیس افراد رضیہ بی بی زوجہ محمد زادہ، عمر 40 سال، سکنہ مردان،نصیبہ بی بی دختر دوا خان، عمر 24 سال، سکنہ اٹک،نایاب بی بی، عمر 17 سال، سکنہ مردان،روشنی بی بی دختر اجمل، عمر 20 سال، سکنہ برہ بانڈئی،سدیس ولد شیر افضل، عمر 23 سال،فیض اللہ ولد عبدالقیوم، عمر 32 سال،شازیہ بی بی زوجہ فیض اللہ، عمر 25 سال،سمن بی بی دختر فیض اللہ، عمر 4 سال،حمدان ولد فیض اللہ، عمر 3 سال،عدنیہ دختر حضرت علی، عمر 5 سال۔

(جاری ہے)

ارسلان ولد عمر زادہ، عمر 5 سال، سکنہ سرگودھا،جواد ولد پرویز، عمر 8 سال، سکنہ گوندل پنجاب،عدنان ولد حضرت علی، عمر 6 سال،تنویر ولد پرویز، عمر 5 سال،شایان ولد سنز علی، عمر 8 سال، سکنہ مٹہ،انعام اللہ ولد محمد راضی خان، عمر 15 سال، سکنہ ہزارہ، کبل زخمی ہوئے ہیں ۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 سوات کی میڈیکل ٹیم اورپولیس موقع پر روانہ ہوئی۔

ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جبکہ شدید زخمیوں کو سیدو شریف کے سنٹرل اسپتال اور دیگر زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال دیولئی منتقل کیا گیا۔ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق بروقت کارروائی کی بدولت مزید جانی نقصان سے بچا ممکن ہو سکا۔ جاں بحق افراد کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کر دی گئیں۔پولیس کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، تاہم ابتدائی طور پر تیز رفتاری اور ممکنہ بریک فیل ہونا وجہ قرار دی جا رہی ہے۔