Live Updates

وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کا خیر مقدم، خیبر پختونخوا میں وفاقی بجٹ کی تعریف

منگل 10 جون 2025 20:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) خیبر پختونخوا میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں اور ماہرین نے وفاقی بجٹ 26-2025 میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کا خیر مقدم کرتے ہوئے بجٹ کی تعریف کی ہے۔ منگل کو پشاور یونیورسٹی کے شعبہ پولیٹیکل سائنس کے سابق چیئرمین اور سینئر ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر اے زیڈ ہلالی، سابق انفارمیشن آفیسر مثل خان، شعبہ معاشیات کے سابق چیئرمین ذلاکت ملک اور تاجر رہنما جلیل جان نے بجٹ میں وفاقی حکومت کے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کا خیر مقدم کیا اور اسے ریلیف پر مبنی قرار دیا۔

ریٹائرڈ انفارمیشن آفیسر مثل خان نے کہا کہ مالی مشکلات کے باوجود وفاقی حکومت ایک ہدف پر مبنی بجٹ پیش کرنے کےلیے مکمل تعریف اور داد کی مستحق ہے جس میں معاشرے کے تمام طبقوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے سے خیبر پختونخوا کے مہنگائی سے متاثرہ لوگوں کو ریلیف ملے گا۔

پروفیسر ڈاکٹر ذلاکت ملک نے آئندہ مالی سال 26-2025 کے دوران پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت صنعت و پیداوار ڈویژن کے 10 منصوبوں کے لیے 1,904 ملین روپے مختص کرنے کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بے روزگاری اور غربت کے خوفناک چیلنج کا سامنا کر رہا ہے اور صنعتوں اور زرعی شعبوں کے فروغ سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

پروفیسر ڈاکٹر اے ایچ ہلالی نے تعلیم، صحت، پی ایس ڈی پی، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور دیگر سماجی و اقتصادی شعبوں کے لیے بھاری رقم مختص کرنے کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک اچھا شگون ہے کہ معاشی ترقی اور نمو کا پہیہ دوبارہ پٹری پر آ گیا ہے اور پاکستان کے تمام صوبوں کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات