Live Updates

نواز شریف کی رہنمائی، شہباز شریف کی قیادت میں پیش کیا گیا بجٹ ترقی کا ٹول ثابت ہوگا‘ سیف کھوکھر

اپوزیشن کو ملک اور عوام کے مسائل حل ہونے ،ان کی خوشحالی سے کوئی سروکار نہیں ‘ صدر مسلم لیگ (ن) لاہور

بدھ 11 جون 2025 11:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کومتوازن اور عوام دوست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کی رہنمائی میں وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم نے ایک ایسا بجٹ پیش کیا جو ان شا اللہ ترقی کا ٹول ثابت ہوگا ،تنخواہ دار طبقے کیلئے انکم ٹیکس کی تمام سلیبز میں کمی کا فیصلہ قابل ستائش ہے ،کمرشل جائیدادوں اور گھروں کی فروخت پر عائد 7فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے خاتمے ،ودہولڈنگ سمیت دیگر مدوں میں ٹیکسز میں کمی سے اس شعبے میں معاشی سر گرمیاں عروج حاصل کریں گی ، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کیلئے 716 ارب روپے مختص کرنے سے واضح ہے کہ حکومت معاشرے کے کمزور طبقے کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔

(جاری ہے)

آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ پر اپنے رد عمل میں ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ اپوزیشن نے بجٹ تقریر سننے کی بجائے صرف شور شرابا کر کے جہاں اپنی حاضری لگوانی تھی وہ لگوائی ہے ، اپوزیشن کو ملک اور عوام کے مسائل حل ہونے اور ان کی خوشحالی سے کوئی سروکار نہیں ۔سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوگا،پاکستان معاشی گرداب سے نکل کر ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے،بجٹ میں متوسط طبقے کو ریلیف دیاگیا، ہر طبقے نے بجٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کی ستائش کی ہے لیکن ایک اپوزیشن ہے جو میں نہ مانوں کی رٹ لگائے ہوئے ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات