نیشنل سیڈ ڈویلپمنٹ ،ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کیلئے اقدامات خوش آئند ہیں‘ علی ارشد رانا

زراعت کی مجموعی گروتھ کے مقررہ ہدف کے حصول کیلئے کلیدی کردار ادا کرینگے‘ ایم ڈی پی ایس سی

بدھ 11 جون 2025 11:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء) مینیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن علی ارشد رانا نے کہاہے کہ نیشنل سیڈ ڈویلپمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کیلئے اقدامات خوش آئند ہیں،آئندہ مالی سال میںزراعت کی مجموعی گروتھ کے مقررہ ہدف کے حصول کیلئے کلیدی کردار ادا کریں گے ۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن معیاری ، زیادہ پیداوار دینے اور مختلف بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت رکھنے والے بیجوں کی تیاری کے ذریعے زرعی ترقی کے لئے کوشاں ہے ،اس کے لئے نئی ٹیکنالوجی پر بھی توجہ مرکوز کی گئی ہے جس کے آنے والے سالوں بہترین نتائج سامنے آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل سیڈ ڈویلپمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے ذریعے پبلک سیکٹر کے ساتھ نجی شعبے میں بیج تیار کرنے والی کمپنیاں بھی معیار کے حوالے سے کڑی مانیٹرنگ کے دائرے میں آئیں گی جس سے پاکستان کی زراعت ترقی کرے گی ۔ علی ارشد رانا نے کہا کہ ٹرانسفارمیشن پلان پر عملدرآمد ،افسران اور عملے کی بے پناہ محنت کی وجہ سے کسانوں کا پنجاب سیڈ کارپوریشن پر اعتماد مزید بڑھا ہے جس کے اثرات پیداوار میں اضافے کی صورت میں سامنے آرہے ہیں۔