بالاکوٹ‘ پولیس نے 2 افغان اغواکاروں کو ہلاک کرکے کمسن مغوی بچے کو بازیاب کرلیا

جون کو کوہستان کالونی کی رہائشی خاتون نے اپنے ڈھائی سالہ بیٹے اور نند کے اغوا کی رپورٹ درج کروائی تھی

بدھ 11 جون 2025 13:11

مانسہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء) تحصیل بالاکوٹ میں ڈمگلہ کے قریب پولیس نے فائرنگ کے تبادلے میں 2 افغان اغوا کاروں کو ہلاک کرکے کمسن مغوی بچے کو بازیاب کرلیا۔پولیس کے مطابق تھانہ بالاکوٹ میں 5 جون کو کوہستان کالونی کی رہائشی خاتون نے اپنے ڈھائی سالہ بیٹے اور نند کے اغوا کی رپورٹ درج کروائی تھی۔خاتون کے مطابق ان کے شوہر کی بہن بچے کو اپنے ساتھ دم کرانے لے کر گئی تھی جس کے بعد سے خاتون اور بچہ لاپتا ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس کا بتانا ہے کہ اسی دوران دبئی میں مقیم بچے کے والد کو نامعلوم ملزمان کی جانب سے 3 کروڑ روپے تاوان کی کال موصول ہوئی۔دوران تفتیش پولیس کو معلوم ہواکہ ملزمان نے تاوان کی ادائیگی کے لیے متاثرہ خاندان کو ڈمگلہ بلایا تھا جس کے بعد پولیس نے مذکورہ مقام کا گھیراؤ کیا تو ملزمان نے فائرنگ شروع کردی۔پولیس کی جوابی فائرنگ میں 2 اغواکارہلاک ہوگئے جس کے بعد پولیس نیمغوی بچے اور خاتون کو بحفاظت بازیاب کرالیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہونے والے ملزمان کا تعلق افغانستان سے ہے۔