’افسوس بات بہت دور نکل گئی‘ ایلون مسک کا امریکی صدر کے خلاف بیانات پر اظہارِ ندامت

مجھے گزشتہ ہفتے صدر ٹرمپ کے بارے میں اپنی کچھ پوسٹس پر افسوس ہے؛ ٹیسلا کمپنی کے مالک کا بیان

Sajid Ali ساجد علی بدھ 11 جون 2025 14:41

’افسوس بات بہت دور نکل گئی‘ ایلون مسک کا امریکی صدر کے خلاف بیانات ..
واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جون 2025ء ) حال ہی میں ٹرمپ انتظامیہ سے علیحدگی اختیار کرنے والے ٹیسلا کمپنی کے مالک اور دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے امریکی صدر کے خلاف اپنے بیانات پر اظہارِ ندامت کردیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی ارب پتی ایلون مسک اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان اچانک شدید اختلافات سامنے آئے جس کے بعد دونوں جانب سے ایک دوسرے کے خلاف بیانات داغے گئے، اس تنازعہ میں سب سے بڑا نقصان ایلون مسک کو اس وقت ہوا جب ان کی دولت محض ایک دن میں 34 ارب ڈالر سے بھی زیادہ کم ہوگئی۔

بتایا گیا ہے کہ صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کی کامیابی کے بعد مسک کی دولت تقریباً 500 ارب ڈالر تک پہنچ گئی تھی اور دونوں کی قربت کو "سنہری دن" قرار دیا جا رہا تھا لیکن حالیہ اختلاف اور الزام تراشی کے بعد ایلون مسک کی ٹیسلا کمپنی کے حصص گرنے سے صرف ایک دن میں مسک کی دولت میں 34 ارب ڈالر کی کمی واقع ہوئی کیوں کہ ایک ہی دن میں الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے حصص میں 14 فی صد کی کمی آئی جو ڈیڑھ ماہ کے دوران کمپنی کا سب سے بڑا نقصان تھا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ ایلون مسک اب بھی دنیا کے امیر ترین شخص ہیں اور ان کی موجودہ دولت 335 ارب ڈالر ہے، تاہم ایک دن میں 34 ارب ڈالر کی کمی تاریخ میں دوسری سب سے بڑی یومیہ کمی ہے جو اس سے پہلے نومبر 2021ء میں کمپنی کی خراب کارکردگی کے نتیجے میں دیکھی گئی تھی، اس بار سرمایہ کاروں کو خدشہ ہے کہ امریکی صدر کے ساتھ تنازعہ سے ٹرمپ کے حامی ممکنہ صارفین خوفزدہ ہو سکتے ہیں جس سے ٹیسلا کی فروخت پر اس کا منفی اثر پڑ سکتا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ اس تمام تر صورتحال میں اب ایک نئی پیشرفت سامنے آئی ہے جس میں ایلون مسک نے امریکی صدر کے خلاف اپنے بیانات پر اظہارِ ندامت کردیا، اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مجھے گزشتہ ہفتے صدر ٹرمپ کے بارے میں اپنی کچھ پوسٹس پر افسوس ہے کہ یہ بات بہت دور نکل گئی۔