Live Updates

وائس چیئرمین واسا لاہور کا ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کیلئے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ

بدھ 11 جون 2025 21:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) وائس چیئرمین واسا لاہورچوہدری شہباز احمد نے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کیلئے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ترجمان کے مطابق وائس چیئرمین واسا نے جوہر ٹائون میں خیابان فردوسی پر ٹرنک سیور لائن منصوبہ اور حسین پارک ٹکہ چوک میں زیر زمین واٹر ٹینک منصوبہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پرڈائریکٹر نشتر ٹائون محمد دانش نے وائس چیئرمین واسا کو خیابان فردوسی پر کیسنگ کی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ خیابان فردوسی پر 72 انچ قطر کی 2500 فٹ اور 66 انچ قطر سیور کی 1000 فٹ سیور لائن بچھائی جا چکی ہے۔

اسی طرح نظریہ پاکستان روڈ پر 250 فٹ کیسنگ کا کام مکمل ہو چکا جبکہ شوکت خانم سے لے کر ایل ڈی اے آفس تک 60 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر ابوبکر عمران نے وائس چیئرمین واسا کو زیر زمین ٹینک کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ حسین پارک ٹکہ چوک زیر زمین واٹر ٹینک منصوبہ 75 فیصد تک مکمل کر لیا گیا ہے ۔اس منصوبے سے 15 لاکھ گیلن بارشی پانی کو محفوظ کیا جا سکے گا،منصوبے کی تکمیل سے قبل بارش سے جی بلاک مارکیٹ سے ٹکہ چوک تک ٹریفک کی روانی متاثر رہتی تھی جبکہ منصوبے کی تکمیل کے بعد ٹریفک رواں دواں رہے گی اور بارشی پانی بروقت واٹر ٹینک میں جمع ہو جائے گا۔

وائس چیئرمین واسا نے منصوبے کو تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے بروقت مکمل کرنے کی ہدایات دیں اور کہا کہ مون سون سے قبل تمام منصوبوں کو مکمل کیا جائے،اس موقع پر ڈی ایم ڈی واسا عبد الطیف بھی وائس چیئرمین واسا کے ہمراہ تھے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات