Live Updates

بجٹ 2025 میں حکومت نے ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے پر زور دیا ہے، میر مراد بلوچ

بدھ 11 جون 2025 21:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جون2025ء) بجٹ 2025 میں حکومت نے ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے پر زور دیا ہے۔ غیر رجسٹرڈ کاروباروں پر دبا ڈال کر ان کو قانونی دائرے میں لانے کی کوشش کی گئی ہے، جو بظاہر رجسٹرڈ کاروباروں کے لیے خوش آئند بات ہے۔ ٹیکس فائلرز کو ودہولڈنگ ٹیکس میں رعایت دی گئی ہے، جو باقاعدہ کاروبار چلانے والوں کے لیے حوصلہ افزا قدم ہے۔

تاہم، ٹیکس ریٹرن کا نظام اب بھی پیچیدہ اور وقت طلب ہے، جسے سادہ اور موثر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔صدر کوئٹہ چیمبر آف سمال انڈسٹری میر مراد بلوچ نے بجٹ کے حوالے سے منعقدہ سیشن میں اپنے ریماکس دیتے ہوئے کہا- بجٹ سیشن میں چیئرمین ولی محمد، نائب صدر عطا اللہ مینگل، سابقہ صدر مقبول الہی بھٹی، جاوید رحیم پراچہ، ایگزیکٹو ممبر اسد خان نورزئی، نائب صدر پاک ایران مشترکہ ایوان صنعت و تجارت ڈاکٹر فرحت حسین اور دیگر شرکا موجود تھی- بجٹ سیشن کے حوالے سے مشترکہ ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ،بجٹ میں بعض شعبہ جات جیسے ٹیکسٹائل، زراعت، اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کے لیے ٹیکس میں چھوٹ، سبسڈی اور دیگر مراعات کا اعلان کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس سے مقامی صنعت کو تقویت ملنے کی امید ہے۔ تاہم، درآمدی اشیا پر ڈیوٹیز میں اضافہ کر دیا گیا ہے، جو ان صنعتوں کے لیے مشکلات پیدا کرے گا جنہیں خام مال بیرونِ ملک سے منگوانا پڑتا ہے۔بجلی اور گیس کے نرخوں میں اضافے کا اشارہ اس بجٹ میں واضح ہے۔ توانائی کی بلند قیمتیں کاروباری لاگت کو بڑھاتی ہیں، خاص طور پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs) کے لیے یہ ایک بڑا چیلنج ہے۔

توانائی کے متبادل ذرائع کی طرف حکومتی توجہ بہت محدود ہے، جو ایک قابلِ تشویش پہلو ہے۔حکومت نے چھوٹے کاروباروں کے لیے آسان قرض اسکیموں کا اعلان کیا ہے۔ اگر ان اسکیموں پر شفاف انداز میں عملدرآمد کیا جائے تو یہ نوجوانوں اور نئے کاروباری افراد کے لیے ایک نیا موقع فراہم کر سکتی ہیں۔بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں، خاص طور پر سڑکوں، ریل اور ڈیجیٹل نیٹ ورک کے لیے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔

ان اقدامات سے کاروباری لاجسٹکس بہتر ہو سکتی ہے، جس سے تجارت اور صنعت کو فروغ ملنے کی امید ہے۔وفاقی حکومت نے بلوچستان کے لیے ترقیاتی فنڈز میں اضافہ کیا ہے۔ گوادر، مکران، ژوب ،چمن اور کوئٹہ میں مختلف منصوبے شامل ہیں، جن میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت، صنعتی زون کا قیام اور گوادر پورٹ سے منسلک تجارتی نیٹ ورک کی توسع شامل ہے۔یہ ایک خوش آئند پہلو ہے، لیکن بلوچستان کے مقامی کاروباری افراد کو بھی اس عمل کا حصہ بنانا ضروری ہے، تاکہ وسائل کا فائدہ مقامی معیشت کو بھی ملے۔

مجموعی طور پر بجٹ 2025 کاروباری طبقے کے لیے ملا جلا پیغام رکھتا ہے۔ کچھ شعبوں کو مراعات دی گئی ہیں، کچھ پر بوجھ بڑھا ہے۔ اس بجٹ میں مواقع بھی ہیں اور خطرات بھی۔ اصل کامیابی اس بات میں ہے کہ حکومت پالیسیوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے، شفافیت کو فروغ دے، اور کاروباری طبقے کو اعتماد فراہم کرے تاکہ ملک کی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات