یونیورسٹی آف سوات میں خواتین کی کاروباری صلاحیتوں پر سیمینار

ٹڈاپ اور سٹیٹ بینک کے ماہرین کی شرکت،خواتین کو خودمختار ،معاشی طور پر مستحکم بنانے کیلئے عملی تجاویز و رہنمائی فراہم کی گئی

بدھ 11 جون 2025 22:31

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء)یونیورسٹی آف سوات کے مرکزی کیمپس میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان ٹڈاپ کے تعاون سے خواتین کی کاروباری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ایک اہم سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کا مقصد طالبات اور نئی کاروباری خواہش مند خواتین کو پاکستان میں دستیاب کاروباری مواقع، سہولیات، اور حکومتی معاونت سے آگاہ کرنا تھا تاکہ وہ قومی معیشت میں فعال کردار ادا کر سکیں۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ٹڈاپ نعمان بشیر نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے خواتین کی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے اتھارٹی کے مختلف اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کا کردار ملک کی معیشت میں نہایت اہم ہے، اور حکومت کی جانب سے متعدد پلیٹ فارمز اور سہولتوں کے ذریعے انہیں آگے بڑھنے کا بھرپور موقع دیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مصنوعات کی تیاری، برآمدی تربیت اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے TDAP کے پروگرامز کا ذکر بھی کیا جو خاص طور پر خواتین کے لیے ترتیب دیے گئے ہیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (SBP) کے ڈپٹی چیف محمد ہارون نے خواتین کے لیے دستیاب مالیاتی اسکیمز پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ اسٹیٹ بینک کی SME فنانس پالیسی، ریفنانس اسکیمز، اور ڈیجیٹل بینکنگ سہولیات خواتین کاروباری حضرات کو سہل اور کم شرح سود پر قرض فراہم کرتی ہیں، تاکہ وہ باوقار طریقے سے اپنا کاروبار شروع کر سکیں۔ انہوں نے مالی شمولیت میں خواتین کی شراکت کو بڑھانے پر زور دیا۔

بینک آف خیبر کے شریعہ بورڈ کے ممبر عبدالصمد نے شرکا کو شرعی بنیادوں پر مالی معاونت کے طریقوں سے آگاہ کیا جن میں اسلامی مائیکرو فنانس، کاروباری انکیوبیشن، اور دیہی و نیم شہری خواتین کے لیے مخصوص منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے خواتین کو حلال اور اسلامی اصولوں پر مبنی کاروبار کے لیے بینکوں کی معاونت سے استفادہ کرنے کی ترغیب دی۔یہ سیمینار یونیورسٹی آف سوات کے سنٹر فار مینجمنٹ اینڈ کامرس (CMC) اور دفترِ پرووسٹ کے اشتراک سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن شیر کی ہدایت پر منعقد کیا گیا۔

اس موقع پر TDAP کے ڈائریکٹر جنرل نے وائس چانسلر کو نوجوانوں بالخصوص طالبات میں کاروباری رجحان کو فروغ دینے کے لیے مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا۔سیمینار کے اختتام پر ایک سوال و جواب کا سیشن منعقد ہوا جس میں طالبات نے مہمان مقررین سے کاروبار کے آغاز، بزنس پلان کی تیاری، اور حکومتی گرانٹس کے حصول سے متعلق مختلف سوالات کیے۔ اس پروگرام نے خواتین کو کلیدی اداروں سے جوڑنے اور انہیں خود کفیل بنانے میں ایک موثر پلیٹ فارم کا کردار ادا کیا۔