ایم پی اے جمیل احمد سومرو کا ٹراما ایمرجنسی سینٹر لاڑکانہ میں قائم آئی سی یو وارڈ کا دورہ

بدھ 11 جون 2025 20:40

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے پولیٹیکل سیکرٹری و ایم پی اے سٹی لاڑکانہ جمیل احمد سومرو نے ٹراما ایمرجنسی سینٹر لاڑکانہ میں قائم آئی سی یو وارڈ کا دورہ کر کے مریضوں کی عیادت کی ۔ بدھ کو دورے کے دوران ڈائریکٹر ٹراما ایمرجنسی سینٹر ڈاکٹر صابر میمن اور متعلقہ افسران نے انہیں بریفنگ بھی دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایم پی اے لاڑکانہ جمیل احمد سومرو نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کے ویژن کے مطابق نہ صرف لاڑکانہ بلکہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہونے والے روڈ حادثات اور واقعات میں زخمی افراد کو ٹراما ایمرجنسی سینٹر منتقل کرکے انہیں معیاری طبی امداد فراہم کی جاتی ہے، اب ٹراما ایمرجنسی سینٹر لاڑکانہ میں 50 بستروں پر مشتمل جدید آئی سی یو وارڈ کا بھی افتتاح ہوچکا ہے جس سے شہریوں کو علاج معالجے کی مزید بہتر سہولیات میسر ہوسکیں گی۔ اس موقع پر ایم ایس چانڈکا ہسپتال لاڑکانہ ڈاکٹر نیاز حسین ڈھر، ڈائریکٹر فنانس ایم ایس چانڈکا کاظم علی بھٹو اور پاکستان پیپلز پارٹی سٹی ڈسٹرکٹ لاڑکانہ کے عہدیداران بھی موجود تھے۔